پانی پر چلائی جانے والی سائیکل بنانے والے طالب علم پونیت گونڈا کی تہنیت کی گئی

اس موقع پر اسکول کی جانب سے منعقدہ ایک مختصر سی تقریب میں ہیبلے پنچایت کے ممبر مہادیوا نائک نے کہا کہ مسلم طبقہ کی جانب سے ایک ہندو لڑکے کے اس کے کارنامہ پر ہندو اور مسلمان سب میں بھی خوشیاں پائی جارہی ہیں، اس سے یکجہتی کا ثبوت ملتاہے۔ اس کے ذریعہ سے قومی یکجہتی کو تقویت ملتی ہے اور ہم کو ایک دوسرے کے پروگراموں میں شرکت کرنے کے بہترین مواقع فراہم ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم طبقہ کی جانب سے اس طرح کے اقدامات کی ہم سراہنا کرتے ہیں اور اس کے لیے پیش رفت کرنے والے الشمع اسپورٹس سینٹر تینگن گنڈی کو مبارکبادی پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا انسانیت کے ناطے ہم ایک ہیں لیکن ہمارے مذاہب مختلف ہیں اور ہم میں سے ہر ایک اپنے مذہب پر عمل کرنے کا اختیار رکھتا ہے لیکن ہمیں اس بات کا خصوصی خیال رکھنا چاہیے کہ اگر ہم میں سے کوئی اچھا کام کریں تو اس کی ہمت افزائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف اس طالب علم کا کمال نہیں ہیں بلکہ اس کے پیچھے اساتذہ کی بھی محنت ہے جن کو بھی ہم مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ طالب علم ہمارے گاؤں اور ضلع کا نام روشن کرتے ہوئے سابق صدر جمہوریہ عبدالکلام کی طرح ایک بڑا سائنسداں بن کر ملک کی خدمت کرے گا۔ سرکاری ہائی اسکول جامعہ آباد کے سائنس ٹیچر جناب امجد ابو نے کہا کہ مجھے اس بات سے بڑی خوشی ہورہی ہے کہ ہمارے تعلقہ کے ایک چھوٹے سے طالب علم نے پانی پر چلائی جانے والی سائیکل تیار کرکے اس کا کامیاب تجربہ بھی کیا لیکن یہ طلباء کی یہ صلاحتیں ان کی ہمت افزائی کرنے پر مزید پروان چڑھتی ہیں اور الشمع اسپورٹس سینٹر نے جو پیش رفت کی ہے اس پر مبارکبادی کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب انسان ہیں اور انسان کا ایک دوسرے کے کام آنا ہی سب سے بڑی بات ہے ، ہم امید کرتے ہیں کہ یہ طالب علم بھی آگے چل کر بھید بھاؤ اور بلا تفریق مذہب وملت انسانیت کی خدمت کرے گا۔ اس موقع پر الشمع اسپورٹس سینٹر کے صدر جناب محمد اقبال بنگالی ، جنرل سکریٹری مولانا عتیق الرحمن ڈانگی ندوی ،مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن کے استاد مولانا طلحہ علاؤ ندوی مذکورہ اسپورٹس سینٹر کے ممبران کے علاوہ کنڑا اسکول کے سائنس ٹیچر آننت موگیر ، پی ٹیچر دیوراج بھاٹکر اور اسکول کے ہیڈ ماسٹر اورطلباء موجود تھے۔ 

Share this post

Loading...