تنظیم وفد نے کی ڈی وائی ایس پی سے ملاقات ، دیگر غیر قانونی کاموں پر روک لگانے کا کیا مطالبہ
بھٹکل 26؍ ستمبر 2018(فکروخبر نیوز) شہر کے سلطانی محلہ میں آج صبح عوام پولیس اہلکاروں پر اس وقت برہم ہوگئے جب انہوں نے سواریوں کی دستاویزات کی چیکنگ کے دوران سلطانی مسجد کے قریب سے تنظیم دفتر کی طرف جانے والی سڑک پر پتھر رکھ کر سواروں اور راہگیروں کے لیے دشواریاں کھڑی کردیں۔ فکروخبر کے مطابق گذشتہ ایک ماہ سے شہر میں بائک اوررکشہ وغیرہ کے دستاویزات کی چیکنگ پورے زور وشور سے جاری ہے۔ آج صبح سلطانی مسجد کے قریب چیکنگ جاری تھی جس کو دیکھ کر سواریوں نے موڑ لینا شروع کردیا۔ کہا جارہا ہے کہ اکثر سوار تنظیم دفتر کی طرف جانے والی سڑک پر موڑ لینے لگے تو پولیس اہلکاروں نے اس سڑک پر پتھر ڈال کر سواریوں اور اہگیروں کے لیے پریشانی کھڑی کردی ۔ عوام کا کہنا ہے کہ اس طرح سڑک بند کرنا غیر قانونی ہے اوران اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے لیکن پولیس اپنی بات پر بضد رہے اور دستاویزات کی چیکنگ جاری رکھی۔ واقعہ کی خبر وھاٹس اپ پر وائرل ہوتے ہی کثیر تعداد میں لوگ موقع پر جمع ہوگئے اور پولیس کے خلاف اپنے غصہ کا اظہار کیا اور ان کے خلاف کارروائی کی مانگ کی۔ موقع پر موجودہجوم کا بھی کہنا تھا کہ تینگن گنڈی اور پرانے بس اسٹینڈ کے درمیان چلنے والی پیسنجررکشہ بھی اجازت نامہ سے زیادہ افرادسوار کرتے ہیں لیکن پولیس ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے۔ مجلس اصلاح وتنظیم کے ذمہ داران اور بلدیہ کے بعض کونسلروں نے حالات کو دیکھتے ہوئے ڈی وائی ایس پی سے ملاقات کی اور ان کے سامنے اس مسئلہ کو تفصیل سے رکھا ۔ تنظیم کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری نے فکروخبر کو تفصیلات فراہم کراتے ہوئے کہا کہ پولیس کا اس طرح سڑک پر پتھر رکھنا غیر قانونی ہے، پولیس اہلکاروں کی جانب سے ہیلمٹ نہ پہننے اور دستاویزات نہ رکھنے پر قانونی کارروائی کرنا اپنی جگہ صحیح ہے لیکن پولیس دیگر کئی معاملات کو نظر انداز کررہی ہے جس کے خلاف بھی کارروائی کی مانگ کی ۔ واضح رہے کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے ہیلمٹ کے ساتھ ساتھ سواریوں کی دیگر دستاویزات کی چیکنگ پورے زور سے جاری ہے۔ اکثر بنا ہیلمٹ کے سواری کرنے والے افراد اپنی سواری پولیس جیپ کو دیکھ ہی موڑ دیتے ہیں۔ اب تو پولیس والے بھی ہوشیاری سے کام لینے لگے ہیں۔ جہاں جہاں سے سوار آسانی سے نکل جاتے ہیں وہیں پر پولیس چیکنگ کے لیے کھڑی ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے سواریوں کے لیے مزید پریشانیاں کھڑی ہوگئیں ہیں۔ ایسے لگ رہا ہے کہ پولیس اہلکارشہر میں تمام بائک سواروں کو ہیلمٹ پہنا کر دم لینے والے ہیں۔
Share this post
