کرناٹک حکومت سوشیل میڈیا پر جعلی خبروں اور نفرت انگیز مواد روکنے کے لیے قانون بنانے کی تیاری میں

بنگلورو 02 اگست2023: (فکروخبرنیوز) کرناٹک حکومت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جعلی خبروں اور نفرت انگیز تقاریر کے پھیلاؤ کو روکنے کے مقصد سے ایک نیا سائبر قانون متعارف کرانے والی ہے۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر کرائم کے شعبوں کے ماہرین پر مشتمل ایک پینل قانون کے لیے تجاویز پیش کرے گا اور مسودہ تیار کرنے کے دوران ان کی رپورٹ کو مدنظر رکھا جائے گا۔

جھوٹی خبروں پر قدغن لگانے کے لیے  چیف منسٹر سدارامیا نے زور دیا کہ حکومت یا کسی فرد کے خلاف غلط معلومات پھیلانے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

کرناٹک کے وزیر داخلہ جی پرمیشورا نے پہلے کہا تھا کہ ریاستی حکومت 'جعلی خبروں' کو روکنے کے لیے درکار تمام اقدامات کے لیے تیار ہے۔

اگرموجودہ قانون سازی کے تحت ایسے معاملات میں ملوث افراد کو سزا دینے کا کوئی قانون نہیں ہے تو حکومت ضروری قوانین لانے کے لیے تیار ہے۔

کچھ لوگ جعلی خبریں پھیلانے میں ملوث ہیں، چاہے وہ سیاسی مسائل پر ہوں یا پر معاشرہ میں امن وامان کو خلل ڈالنے پر ہوں۔ یہ بات مشاہدہ میں آئی ہے کہ مختلف پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا پر جعلی خبریں پوسٹ کی جاتی ہیں۔ پرمیشورا نے کہا کہ تصویروں کو کسی حساس مسئلے سے جوڑنے کی کوشش کی جاتی ہے جس سے اس تصویر کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

اس کے علاوہ وزیر نے کہا کہ ہم نے انتخابات کے دوران اور حکومت کی تشکیل کے بعد بھی اس کا مشاہدہ کیا ہے۔ اگر ان پر نظر نہ رکھی جائے تو یہ ذاتی، سماجی یا حکومتی سطح پر مختلف غلط فہمیوں کو فروغ دے سکتا ہے اور اس کے نتائج سنگین ہو سکتے ہیں۔

Share this post

Loading...