سیاچن، کرناتک کے بھارتی فوجی کو 6 روز بعد زندہ نکال لیا گیا، ہسپتال منتقل(مزید اہم ترین خبریں)


حج درخواست فارم جمع کرنے کی تاریخ میں 15فروری تک توسیع

مرکزی حج کمیٹی کا اقدام خوش آئند: روشن بیگ

بنگلورو 9؍فروری(فکروخبر/ذرائع)حج درخواست جمع کرنے کی تاریخ میں حج کمیٹی آف انڈیا نے 15فروری تک توسیع کا اعلان کیا ہے۔ مختلف ریاستی حج کمیٹیوں کی طرف سے نمائندگی پر مرکزی حج کمیٹی کے چیف ایگزی کیٹیو آفیسر عطاء الرحمن کی طرف سے جاری ایک سرکیولر کے تحت حج درخواستوں کے جمع کرنے کی تاریخ میں توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔ امسال سفر حج بیت اﷲ کیلئے حج کمیٹی کے ذریعہ جانے کے خواہشمند احباب کی طرف سے ملک بھر کی ریاستی حج کمیٹیوں میں درخواستیں جمع کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔خاص طور پر کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی میں درخواستوں کے جمع کرنے کا سلسلہ کافی جوش وخروش سے آگے بڑھ رہا ہے ۔ مرکزی حج کمیٹی کی طرف سے درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کے فیصلے کا وزیر اطلاعات، انفرااسٹرکچر وحج جناب روشن بیگ نے خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے 8فروری تک درخواستیں دینا طے کیاگیا تھا، تاہم حج کمیٹیوں کے اصرار پر مرکزی حج کمیٹی کی طرف سے اس تاریخ میں توسیع کااقدام خوش آئند ہے، اب 15 فروری تک حج درخواستوں کے داخلے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس توسیع کے بعد اس تاریخ میں مزید توسیع کے امکانات بالکل نہیں ہیں۔ اسی لئے حج کمیٹی کے ذریعہ روانہ ہونے کے خواہشمند احباب کو بلاتاخیر اپنی درخواستیں جمع کرادینی چاہئے۔ مرکزی حج کمیٹی کی طرف سے جاری سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ 15 فروری2016 سے قبل جاری کئے گئے پاسپورٹس رکھنے والے احباب جن کے پاسپورٹ کی مدت 17 مارچ 2017 تک ویالیڈ ہو، اپنی درخواستیں ریاستی حج کمیٹیوں کے ذریعہ جمع کرواسکتے ہیں۔ 

پنچایت انتخابات کیلئے مشاہدین مقرر

بنگلورو 9؍فروری(فکروخبر/ذرائع) بنگلور رورل ضلع میں منعقد ہونے والے ضلع اور تعلقہ پنچایت انتخابات منصفانہ انداز میں منعقد کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق ضابطۂ اخلاق پر سختی سے عمل کرنے کیلئے تین مشاہدین مقرر کئے گئے ہیں۔ خصوصی مشاہد کے طور پر ایچ ایس اشوکا نند ،جنرل مشاہد کے طورپر ریاستی اقلیتی ڈائرکٹوریٹ کے ڈائرکٹر اکرم پاشاہ اور اخراجات پر نظر رکھنے کیلئے بنگلور اربن ضلع پنچایت سی ای او ایس لاونیا کو مقرر کیاگیا ہے۔ خصوصی مشاہد اشوکانند نے آج ڈپٹی کمشنر دفتر پہنچ کر انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا اور پنچایت انتخابات سے متعلق ڈپٹی کمشنر ایس پالیا کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا۔


ہبلی میں ریلوے عمارت منہدم ہونے کیلئے ریلوے حکام ذمہ دار: سدرامیا

بنگلورو 9؍فروری(فکروخبر/ذرائع)ہبلی کے قلب میں واقع ہبلی ریلوے اسٹیشن سے متصل ریلوے پارسل آفس کی عمارت منہدم ہوجانے کے نتیجہ میں سات افراد کی موت کے بعد آج وزیراعلیٰ سدرامیا نے ہبلی ریلوے اسٹیشن اور منہدم پارسل آفس کا وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور اور دیگر وزراء کے ساتھ معائنہ کیا۔ معائنہ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ محکمۂ ریلویز کی لاپرواہی اس حادثہ کیلئے ذمہ دار ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہبلی ریلوے اسٹیشن کو بہت ہی خوبصورت طریقے سے بنایا گیا ہے، اس خوبصورت عمارت سے متصل بوسیدہ عمارت کو برقرار رکھنا نہیں چاہئے تھا۔اس سے پہلے ہی ریلویز کے ٹیکنیکل افسران نے اس عمارت کو منہدم کردینے کا مشورہ دیاتھا، اگر اس مشورہ پر عمل کیا جاتا تو شاید کل کے حادثہ کو ٹالا جاسکتا تھا۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے آنے والے دنوں میں ریاستی انتظامیہ کے تحت اگر ایسی بوسیدہ عمارتوں میں سرکاری دفاتر قائم ہیں تو ان کی نشاندہی کرے گی، اوران کو منہدم کرنے کی کارروائی شروع کرے گی۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے اس عمارت کا معائنہ کرنے کے بعد ہبلی دھارواڑ میں ضلع اور تعلقہ پنچایت انتخابات کیلئے پارٹی کی مہم میں حصہ لیا۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ پہلے ہی مہلوکین کے ورثاء کو دو لاکھ روپے بطور معاوضہ اور ورثاء کو ہمدردی کی بنیاد پر ریلوے میں ملازمت کا ریلوے حکام نے وعدہ کیا ہے۔ 


لائبریریوں کیلئے کتابوں کا انتخاب

بنگلورو 9؍فروری(فکروخبر/ذرائع) یکم جولائی تا دسمبر 31؍ 2015 کے دوران شائع ہونے والی ادب ،للت کلا، سائنس ، میڈیکل ، ٹیکنیکل، ادب اطفال وغیرہ سے متعلق کنڑا ، انگریزی اور دیگر ہندوستانی زبانوں کی کتابوں کے انتخاب کیلئے دوسرے مرحلے کی عرضیاں مطلوب ہیں۔ کتابیں محکمہ کی شرائط پر موجود ہونی چاہئے۔ یکم جولائی 2015تا دسمبر 2015کے دوران شائع کتابوں کے مصنفین یا ناشرین جو ریاستی سنٹرل لائبریری کبن پارک بنگلور میں 20-02-2016 سے قبل تک کاپی رائٹ حاصل کرچکے ہوں، ایسے افراد کتابوں کے انتخاب کیلئے عرضی کے ساتھ ایک کتاب اور کاپی رائٹ سرٹی فکیٹ منسلک کرکے ڈائرکٹر محکمہ پبلک لائبریریز وشویشوریا ٹاور ، چوتھی منزل ، ڈاکٹر امبیڈ کر ویدھی بنگلور 1-تک 20-02-2016کو سہ پہر 5-30تک جمع کراسکتے ہیں۔ 



مولانا کلب جواد نقوی نے ہاشم انصاری کی عیادت کی 

لکھنؤ 9؍فروری(فکروخبر/ذرائع) مجلس علماء ہندکے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے آج لاری کارڈیالوجی پہونچ کر بابری مسجد مقدمہ کے مدعی جناب ہاشم انصاری کی عیادت کی اور صحت و شفایابی کے لئے دعا کی ۔مولانا کلب جواد نقوی شہر میں نہ ہونے کی وجہ سے انکی عیادت کے لئے نہیں پہونچ سکے تھے لہذا جیسے ہی مولانا شہر میں آئے انہوں نے لاری کارڈیالوجی پہونچ کر ہاشم انصاری کی خیریت دریافت کی اور دعائے صحت کی ۔مولانا کے ساتھ عمران نقوی اور عادل فراز بھی انکی عیادت کے پہونچے ۔



تامل ناڈو میں بس پر شہاب ثاقب گرنے سے ایک شخص ہلاک،3 زخمی ہوگئے

نئی دہلی۔09فروری(فکروخبر/ذرائع ) ریاست تامل ناڈو میں کالج کیمپس کی بس پر شہاب ثاقب گرنے سے ایک شخص ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے، دھماکے سے سے نزدیکی علاقے میں ایک گڑھا بھی پڑ گیا۔ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت میں 200 سالوں میں پہلی بار اس نوعیت کا کوئی واقعہ پیش آیا ہے، شہاب ثاقب گرنے سے بس کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور ایک عمارت کے نزدیک گڑھا پڑ گیا۔حادثے میں بس ڈرائیور ہلاک ،2مالی اور ایک طالبعلم زخمی ہوگئے۔حکام کو اس مقام سے ہیرے جیسا گہرے نیلے رنگ کا پتھر ملا ہے۔ نمونے جمع کرنے کیلئے ماہرین نے بھی اس مقام کادورہ کیا ہے۔


عدالتی فیصلے کے بعد رام مندر پر حکومتی فیصلہ : کلراج مشر 

الہ آباد۔09فروری(فکروخبر/ذرائع )مرکزی وزیر کلراج مشرا نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر پر حکومت فیصلہ کرے گی ۔الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی گئی ہے ۔ انہوں نے کل رات یہاں صحافیوں سے کہاکہ ’سپریم کورٹ کے فیصلے کا ہمیں انتظار کرنا چاہئے ۔ اس کے بعد جو حالت ابھرکر سامنے آتی ہے اس کے مطابق مرکز فیصلہ کرے گا ۔ بی جے پی کے رخ میں بدلا ؤ نہیں آیا کہ رام مندر کی تعمیر اجودھیا میں ہونا چاہئے ۔ حالانکہ ہم اس طریقے سے آگے بڑھیں گے جو سب کو منظور ہو‘ مرکزی وزیر گزشتہ ہفتہ ہوئی وی ایچ پی کے جلسے کے بارے میں سوالوں کا جواب دے رہے تھے ۔ جلسہ میں سنگھ پریوار سے جڑی تنظیم نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی تھی کہ رام مندر کے مسئلے پر وہ ’اپنی چپی توڑیں‘ اور اجودھیا کا دورہ کر مندر معاملے پر اپنی خیالات پیش کریں۔ مشرا نے کہاکہ ’مودی پورے ملک میں گھوم رہے ہیں اور کوئی وجہ نہیں ہے وہ اجودھیا نہ جائیں ہم اپنے مذہبی رہنماؤں کے جذبات کو سمجھتے ہیں لیکن انہیں دھیان رکھناچاہئے کہ وزیر اعظم اپنا فیصلہ خود کرتے ہیں۔انہیں یقین دلایا جاسکتاہے کہ مودی مناسب وقت پر اجودھیا جائیں اور رام للا کی پوجا کریں گے ۔ ‘ انہوں نے کہاکہ ہمارے سادھو سنتوں کو سمجھنا چاہئے کہ بی جے پی پارلیمنٹ کے قوانین سے مندر تعمیر کے متبادل کے خلاف نہیں ہیں لیکن اس کیلئے ایوان میں دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ اس لئے ہمیں آپسی رائے بنانے پر دھیان دینا چاہئے ۔ بی جے پی لیڈر نے یوپی کے وزیر اعظم خان کے الزامات سے بھی انکار کیا کہ مودی نے حال ہی میں پاکستان کے سفر کے دوران داؤد ابراہیم سے ملاقات کی تھی ۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کی بات کر سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر ریاست میں اپنی حکومت کے اعتماد کو کم کررہے ہیں جہاں قانون اور نظم ونسق بنانے میں ناکام رہنے کی وجہ سے حکومت سے مایوس ہیں۔ 


باغپت کے سابق پردھان کا میرٹھ میں گولی مار کر قتل 

میرٹھ ۔09فروری(فکروخبر/ذرائع ) اترپردیش کے میرٹھ شہر میں باغپت کے سابق پردھان کا مبینہ طور سے گولی مار کر قتل کردیاگیا ۔ ضلع پولیس ترجمان کے مطابق پڑوس کے باغپت ضلع کے دولت پور گاؤں کا باشندہ احسان (۵۴) ولد یوسف موجودہ وقت میں دلی کے منڈالولی میں رہ کر پراپرٹی کا کام کررہاتھا ۔ سال ۵۹۹۱ میں وہ اپنے گاؤں دولت پورکا گاؤں پردھان بھی منتخب کیاگیا تھا ۔ سنیچر کو وہ کام کے سلسلے میں میرٹھ آیا تھا اور یہاں پر ساشتری نگر کے رہنے والے اپنے ایک دوست عرفان کے گھر پر ٹھہرا تھا ۔ اتوار دیرشام کو وہ عرفان کے ساتھ موٹرسائیکل پر کہیں جارہاتھا ۔ تھوڑی ہی دور پہلے سے ہی کھڑے تین نوجوانوں نے موٹرسائیکل رکوا کر احسان کی کنپٹی سے لگا کر گولی ماردی جس سے اس کی موقع پر موت ہوگئی ۔ واردات کو انجام دے کر حملہ آور موقع سے فرار ہوگیا ۔ واردات کے بارے میں متوفی کے کنبہ نے تھانہ کوتوالی علاقہ کے رہنے والے مجرم شاہیں سمیت تین لوگوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرایا ۔ قتل کے پیچھے متوفی اور حملہ آور کے مابین ۰۴ لاکھ روپئے کا لین دین کا تنازعہ بتایاجارہاہے ۔ پولیس ملزم حملہ آوروں کی گرفتاری کی کوشش میں مصروف ہے ۔ 


پھر سجے گا تاج یا ٹوٹے گا طلسم ،صحافی نے شہر میں پیدا کی سیاسی ہلچل 

شاہجہاں پور۔09فروری(فکروخبر/ذرائع )سیاسی پارٹیوں سے لیکر اقتدار کے گلیارے ہوں یا حکومت و انتظامیہ سبھی اسمبلی انتخابات کی آہٹ سنائی دینے لگی ۔سیاسی پارٹیوں نے جہاں مضبوط جیتنے والے تلاش شروع کردی ہے وہیں اسمبلی چوکھٹ چومنے کا خواب دیکھ رہے لیڈران بھی اس پارٹی اور انتخابی نشان کی تلاش میں جی جان سے لگ گئے ہیں جو ان کو عزت مآب بنانے کا خواب پوراکرسکے ۔ اگر شاہجہاں پور ضلع کی بات کریں تو یہاں کی ۶ اسمبلی سیٹوں پر ابھی تک یہ طے نہیں ہے کہ کون لیڈر کس اسمبلی اور کس سیاسی پارٹی سے انتخاب لڑے گا ۔ کئی موجودہ رکن اسمبلی بھی اپنی پارٹی کو چھوڑ کر دوسری پارٹیوں میں امکانات تلاش رہے ہیں۔ کچھ اپنی پارٹی چھوڑنے کو تیار ہیں تو کچھ اپنا حلقہ انتخاب ۔ اگر بی جے پی کی بات کی جائے تو یہ تقریباً طے ہے کہ شہر اسمبلی حلقہ سے ۷ بار کے رکن اسمبلی اور بی جے پی پارٹی کے اسمبلی گروپ کے رہنما سریش کھنہ ہی بی جے پی کے امیدوار ہوں گے ۔ضلع کی سیاست کے چانک کہے جانے والے سریش کھنہ نے گزشتہ انتخابات نواب سکندر علی ، لالا اوم پرکاش گپتا، اشوک کمار ، پردیپ پانڈے ،تنویر خان ، فیضان خان ، اسلم خان ،سروج گپتااور اشفاق اللہ خاں جیسے لیڈروں کو اپنی سیاسی سوجھ بوجھ سے شکست دی ہے لیکن ۲۰۱۷ میں پھر وہ شہر اسمبلی حلقہ کا تاج ان کے سر ہی سجے یا اس کا طلسم ٹوٹے گا اس کو لیکر طرح طرح کی باتیں شروع ہوگئی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق شہر اسمبلی سیٹ سے ایک سینئر صحافی تال ٹھوک سکتے ہیں ۔ ابھی کچھ دن قبل مذکورہ صحافی نے یہاں اپنے سہ روزہ قیام کے دوران کئی جلسے کئے ۔ ان کے جلسوں میں شہر کے کچھ خاص صنعتکار مشہور تاجر ، مشہور ڈاکٹر ،وکلاء اور کچھ صحافیوں کے ساتھ ساتھ آرایس ایس سے جڑے کچھ دانشور اور سماجوادی خیالات کے پرانے رہنما اور دلت سیاست کو پیمی دھار دینے والے بھی شامل ہوئے ۔ بتایا جاتاہے کہ صحافی کو سنگھ پریوار کے کچھ عہدے داروں ، ضلع بی جے پی کے کچھ لیڈروں اور بی جے پی کے ایک مرکزی سطح کے ایک لیڈر کی تائید پہلے سے ہی حاصل ہے ۔ اتناہی نہیں ذرائع کا تویہاں تک کہناہے کہ مذکورہ صحافی کے ریاست کی ایک خاص سیاسی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کے ذریعہ ٹکٹ کو لیکر پہلے دور کی بات بھی ہوچکی ہے ۔ لمبے عرصے سے صحافت سے منسلک صحافی کی سیاسی پہنچ بھی اونچے سطح کی بتائی جاتی ہے اور خاص سیاسی پارٹیوں کے سینئر لیڈروں سے ان کے براہ راست تعلقات بھی ہیں ۔ اپنے قیام کے دوران مذکورہ صحافیوں سے شہر کے ان کی اپنی برادری کے لوگوں نے بھی ملاقات کی اور مدد کی یقین دلائی ۔صحافی نے بھی ضلع کے کئی لیڈروں سے ملاقات کرکے مدد حاصل کرنے کی کوشش کی ہے ۔بتایا جاتاہے کہ مذکورہ صحافی نے کمشنری کی ایک دیگر اسمبلی سیٹ سے بھی انتخاب لڑنے کی خواہش کا اظہار کیاہے ۔لیکن شاہجہاں پور صدر سیٹ ان کی پہلی پسند ہوسکتی ہے ۔حالانکہ پچھلے سات انتخابات میں تمام بڑے لیڈروں کو شکست دے کر رکن اسمبلی چنے جانے والے سریش کھنہ کی شبیہ ایک ترقیاتی شخص اور کہنہ مشق سیاست داں کی ہے ۔ ان کی چمک اور تکڑن کے سامنے ٹھہر پانا اور ان کے طلسم کو توڑنا اتنا آسان نہیں ہے۔


سائبر کرائم کی روک تھام کے لئے سرویلانس بڑھائی جائے گی

متھرا۔09فروری(فکروخبر/ذرائع ) روز بروز بڑھتے ہوئے سائبر کرائم کے پیش نظر اترپردیش کے متھرا پولیس کی طرف سے سرولانس کو ایڈوانس کرکے کرائم برانچ میں الگ سے ایک سیل قائم کیا جائے گا۔ سینیئر پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راکیش سنگھ نے آج یہاں بتایا کہ یہ سیل سائبر کرائم کی روک تھام کے لئے کام کرے گی۔خیال رہے کہ فرضی پتے پر موبائل کا سم کارڈ لے کر ملک کے مختلف حصوں سے ٹھگی کرنے والے لوگ فون کرکے صارفین کو گمراہ کرکے اے ٹی ایم اور بنک کھاتوں کی تفصیلات حاصل کرکے لوگوں کے کھاتے سے لاکھوں روپے نکال لیتے ہیں۔ اس طرح کے جرائم کو روکنے میں پولیس بے بس نظر آتی ہے ۔ڈاکٹر سنگھ کے مطابق اس طرح کے جرائم کی روک تھام کے لئے پولیس افسران موبائل سروس پرووائڈر اور بینک افسروں کے ساتھ میٹنگ کرکے مشترکہ حکمت عملی تیار کررہے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت ہر موبائل اور بینک اکاونٹ ہولڈر کو بیدار بھی کیا جائے گا۔ سائبر کرائم کی روک تھام کے لئے تشکیل کئے جانے والے سیل کے سلسلے میں حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔


دلتوں کی کانگریس نے ہمیشہ عزت کی 

فتحپور۔09فروری(فکروخبر/ذرائع ) دلت سماج کو گانگریس سے جوڑنے اور پارٹی کو مضبوط کرنے کے مقصد سے بھیم جیوتی یاترا کے دوسرے مرحلے میں ضلع میں پہنچے یاترا میں شامل لوگوں کا کانگریسیوں نے خیرمقدم کیا ۔ دوشنبہ کو آئی ٹی آئی روڈ کیمپ دفتر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے یاترا کے رہنمائی کررہے ریاستی نائب صدر و پسماندہ ذات شعبہ کے ریاستی چیئر مین بھگوتی پرساد چودھری نے کہاکہ کانگریس کے ذریعہ پورے ریاست میں دلتوں کو پارٹی کو جوڑنے اور مضبوطی حاصل کرنے کے مقصد سے بھیم جیوتی یاترا نکالی جارہی ہے جس کے پہلے مرحلے میں۰۲ اضلاع کا سفر کرنے کے بعد دوسرے مرحلے میں ۴۱ ضلعوں کے سفر میں فتحپور بھی شامل رہا ۔ اس کا اختتام ۹ فروری کو ریاستی دفتر لکھنؤ میں کیاجائے گا ۔ اس کے بعد تیسرے مرحلے کی یاترا ۸۱ فروری سے شروع ہوگی جو باقی رہ گئے ضلعوں کادورہ کرکے کانگریس کی پالیسیوں کوبتانے کا کام کرے گی ۔ یاترا میں راکیش ساگر ، پریم پرکاش ورما، ششانت شکلا وغیرہ شامل رہے ۔ ضلع میں یاترا کے پہنچے پر کھاگا بائی پاس پر کانگریسی لیڈر جگت پال پاسوان ، اوم پرکاش ، اجے چودھری نے استقبال کیا ۔رات میں آرام کے بعد صحافیوں سے روبروہونے کے بعد لکھنؤ کیلئے یاترا روانہ ہوگئے ۔ 


کارکی زد میں آنے سے ایک شخص ہلاک دو زخمی

بریلی۔09فروری(فکروخبر/ذرائع )اترپردیش میں بریلی کے بھوجپوری علاقے میں کل رات ایک تیز رفتار کار کی زد میں آنے سے ایک شخص ہلاک اور دو دیگر بری طرح زخمی ہوگئے ۔پولیس کے ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ بریلی کالج کے لائبریری میں زیر ملازمت چھوٹے لال گنگوار عرف بابو رام رات تقریباً ۹ بجے کھانا کھانے کے بعد چہل قدمی کے لئے گھر سے نکلے اور منی بائی پاس پر مٹھ لکشمی پور چوراہے کے نزدیک ایک ہوٹل کے باہر نونی رام اور جنک نامی شخص کے ساتھ بیٹھ گئے ۔اسی دوران ایک تیز رفتار کار نے تینوں کو کچل دیا۔ اس حادثہ میں چھوٹے لال کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ نونی رام اور جنک بری طرح زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کراکر کار کے فرار ڈرائیور کی تلاش شروع کردی گئی ہے ۔


سماجوادی کارکن نے جشن میں چلائی گولی ، ایک لڑکے کی موت

مظفرنگر۔09فروری(فکروخبر/ذرائع ) سماجوادی پارٹی کے ایک کارکن کے ذریعہ جشن منانے کیلئے چلائی گئی گولی آٹھ سالہ ایک بچے کو لگ گئی ۔ جس کے سبب اس کی موت ہوگئی ۔ اس حادثہ کے بعد مقامی لوگوں نے مخالفت میں مظاہرہ کیا ۔حادثہ شاملی ضلع کے کیرانہ قصبہ کا ہے ۔ 
ایس پی انل کمار جھا نے بتایا کہ متاثر سنی کل کیرانہ علاقے کے پاس رکشہ سے جارہاتھا ۔ اس دوران اسے سماجوادی پارٹی کے کارکنوں کے ذریعہ چلائی گئی ایک گولی لگ گئی ۔ گولی لگنے سے زخمی بچے کی بعد میں موت ہوگئی ۔ کارکن مقامی انتخاب میں پارٹی کے امیدوار نفیسہ کی جیت کا جشن منارہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے کامیاب امیدوار کے شوہر سمیت پانچ لوگوں کے خلاف تعزیرات ہند کے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاہے ۔ پولیس نے بتایا کہ فرار ملزموں کو گرفتار کرنے کی کوشش جاری ہے ۔ لڑکے کی موت سے غصہ میں آئے مقامی لوگوں نے مخالفت میں مظاہرہ کے لئے کھٹیما ۔ پانی پت شاہراہ پر جام لگادیا ۔ 

Share this post

Loading...