کاروار 24/ اپریل 2019(فکروخبرنیوز) ضلع کے سرسی تعلقہ کے کستوربا نگر سے صبح سویرے ایک نعش بازیافت ہونے سے حالات کشیدہ ہوگئے ہیں اور اسے دیکھتے ہوئے زائدپولس فورس تعیینات کی گئی ہے۔مقتول کی شناخت اسلم بابا جان (22) کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق منگل کی رات بی جے پی اقلیتی مورچہ او رایس ڈی پی آئی کے کارکنان کے درمیان کسی بات کو لے کر ہاتھا پائی ہوئی تھی جس میں حنیف نامی شخص زخمی ہوگیاتھا جسے بعد میں منگلورو منتقل کیا گیا ہے۔ حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے علاقہ میں پہنچ کرپولس کی جانب سے حالات کو پرامن بنانے کی کوشش کی گئی لیکن اسی علاقہ سے خون میں لت پت ایک نعش صبح سویرے دیکھی گئی جس کے قریب ہی ایک سلاخ بھی ملی ہے جس سے پتہ چل رہا ہے کہ قتل میں اس کا استعمال ہوا ہے۔سرسی ایس پی کے مطابق اب علاقہ میں حالات پرامن ہیں اور پولیس اس پورے معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے۔
Share this post
