نمایاں نمبرات حاصل کرنے والے طلباء کے درمیان تقسیم کیے گئے مولانا عبدالباری ندویؒ اور اشرف برماور ایوارڈ
بھٹکل 16؍ ستمبر 2018(فکروخبر نیوز) ایس آئی او شاخ بھٹکل کی جانب سے تعلیمی میدان میں اپنی بہترین کارکردگی کے ساتھ آگے بڑھنے والے طلباء کے درمیان بعد نمازِ عصر رابطہ ہال نوائط کالونی میں تقسیم انعامات کے لیے ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں مدارس کے طلباء کے ٹاپرس کے درمیان ’’ مولانا عبدالباری ندوی رحمۃ اللہ علیہ ‘‘اور شہر کے ہائی اسکول کے ٹاپرس کو ’’ اشرف برماور ‘ اور ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے مولانا کی صفات بیان کرتے ہوئے عملی زندگی میں اس کو اتارنے کی نصیحت کی۔ مولانا نے کئی ایک خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت مولانا رحمۃ اللہ علیہ میں سب سے نمایاں چیز وہ اللہ کو راضی کرنے کی فکر تھی ۔ ہر کام وہ اللہ کو راضی کرنے کے لیے کرتے ہیں اور ہمیں بھی یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ یہی چیزانسان کی ترقی کا پہلا زینہ ہے۔ مولانا جو بھی کام کرتے وہ استقامت کے ساتھ کرتے۔ اپنی بے پناہ مصروفیات کے باوجود ان کے معمولات میں کوئی فرق نہیں آتا تھا۔ مولانا ہمیشہ اپنے بڑوں کے مشورے کے مطابق چلتے تھے ۔ ہرکام کرنے سے پہلے مشورہ ضرور کرتے تھے چاہے اپنے سے چھوٹوں سے مشورہ ہی کیوں نہ کرنا پڑے۔ مولانا نے کہا کہ حضرت مولانا رحمۃ اللہ علیہ اپنے والدین کی ہمیشہ اطاعت کیا کرتے تھے،اسی طرح مولانا میں خدمت کا بھی جذبہ تھا۔ بعض دفعہ جامعہ میں آنے والے مہمانوں کو شک ہوجاتا کہ یہ مہتمم ہیں یا کوئی عام شخص ۔ ہر آنے والا کا دل سے اکرام کرتے اور ان کی بھرپور خدمت کرتے۔ ایک اور چیز مولانا میں سب سے نمایاں طور پر موجود تھی وہ وسعتِ قلب تھی ، مولانا ہر مکتبۂ فکر کے لوگوں کے ساتھ خوش دلی کے ساتھ ملتے تھے۔ جناب قادر میراں صاحب پٹیل نے جناب اشرف برماور صاحب کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ سبھوں کو ساتھ لے کر چلتے تھے۔ اپنی عمر کے آخری مرحلہ میں آرام سے زیادہ جماعت کے کام میں زیادہ وقت صرف کرتے تھے۔ یہاں تک کہ پوسٹر لگوانے کے عمل میں بچوں کے ساتھ شریک رہتے تھے۔ اسی طرح ان میں بہت خوبیاں بھی موجود تھیں جو وہ اپنے ساتھ لے گئے اور ہمیں زندگی گذارنے کا ایک نمونہ دکھلاگئے۔ انہوں نے ایس آئی او کا ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کے نام پر ایوارڈ کی تقسیم کو مستحسن عمل قرار کرتے ہوئے خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔ اس موقع پر ریاستی صدر رفیق بیدر صاحب نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے طلباء کو اپنے اسلاف کے نقشِ قدم پر چلنے کی نصیحت کی۔ دعائیہ کلمات پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔
Share this post
