شیرور سمندر میں غرق ہونے والے نوجوانوں کی تدفین عمل میں آئی۔ پورا علاقہ سوگوار

شیرور28؍ اگست 2023 (فکروخبرنیوز) گذشتہ روز مچھلیوں کے شکار کے دوران شیرور سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں کی نعشیں دیر رات سمندر سے برآمد کرلی گئیں اورسرکاری کارروائی کے بعد آج بعد ظہر کیسرکوڑی قبرستان میں جم غفیر کی موجودگی میں ان کی تدفین عمل میں آئی۔ 
تفصیلات کے مطابق محمد مصعب بن مصطفیٰ گنگولی (22) اور محمد نہزان ابن نور الامین (24) کل شام پانچ بجے کے قریب مچھلیوں کے شکار کے لیے گئے ہوئے تھے ، اس دوران تیز بہاؤ کی زد میںآنے سے وہ لاپتہ ہوگئے ۔ مغرب تک YAMAHA کشتیوں کے ذریعہ انہیں ڈھونڈنے کی کوشش کی گئی لیکن ان کا کہیں پتہ نہیں چلا۔ رات قریب ڈیڑھ بجے نہزان اور قریب ڈھائی بجے محمد مصعب کی لاش برآمد کرلی گئی۔ 
محمد مصعب اور نہزان قریبی رشتہ دار ہیں۔ اول الذکر نے حال ہی میں انجمن کالج سے ڈگری مکمل کی ہے اور نہزان چھٹیوں میں دبئی سے چند روز کے لیے اپنے آبائی گاؤں آیا ہوا تھا۔ 
محمد مصعب کے والد محمد مصطفیٰ نے بتایا کہ گذشتہ تین روز سے مچھلیوں کے شکار کے لیے جانے کی وہ ضد کررہا تھا۔ جب بھی اس نے جانے کی اجازت طلب کی میں نے صاف انکار کردیا۔ کل اتوار کی شام وہ گھر پر نہیں تھے ، امی کی اجازت لے کر وہ مچھلیوں کے شکار کے لیے گیا ہوا تھا جس کے بعد وہ نہیں لوٹا۔ 
دونوں نوجوانوں کی موت سے علاقہ میں غم کا ماحول ہے۔ دونوں بااخلاق نوجوان تھے۔ محمد مصعب کے درجہ کے ساتھی اصیل شاہ بندری نے بتایا کہ وہ اپنے کام سے کام رکھتا تھا اور پڑھائی میں بہت ہوشیار تھا۔ 
دونوں کی نمازِ جنازہ مسجد فاطمہ سعید کیسرکوڑی میں مصعب کے چچا اور نہزان کے ماموں مولانا سراج صاحب نے پڑھائی اور ان دونوں کے گھر کے قریب واقع قبرستان میں ان کی تدفین عمل میں آئی۔ 
فکروخبر دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ ان دونوں کی بال بال مغفرت فرمائے اور ان کے جملہ پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔

Share this post

Loading...