شیرور میں اصلاحی تنظیم کے نام سے متحدہ پلیٹ فارم کا  قیام ، مہتمم مدرسہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی مولانا محمد سعود ندوی کے ہاتھوں دفتر کا عمل میں آیا افتتاح

شیرور 10؍ اکتوبر 2021(فکروخبرنیوز) شیرور میں قائم مختلف جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل اصلاحی تنظیم کے دفتر کا افتتاح مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی بھٹکل مولانا محمد سعود ندوی کے ہاتھوں آج بعد عصرعمل میں آیا۔

اس موقع پر منعقدہ پروگرام میں مولانا موصوف سمیت مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے جنرل سکریٹری مولانا عبدالرقیب ایم جے ندوی اور تنظیم کے رکن اور جے ڈی ایس بھٹکل کے صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اتحاد واتفاق پر زور دیا۔

مولانامحمد سعود صاحب ندوی نے اہالیانِ شیرور کے اتحاد کی طرف بڑھتے ایک اور کامیاب قدم کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ شیرور میں اس طرح کے پلیٹ فارم کا قیام شیرور کی مختلف جماعتوں کے اتحاد کا ایک مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں قائم مختلف جماعتوں اور تنظیموں کو اپنا کام کرنے دیجئے لیکن اصلاحی تنظیم قائم کرنے کے جو مقاصد یہاں بیان کیے گئے ہیں اس پر آپ پوری تندہی کے ساتھ کام کریں۔ اصلاح کا مطلب تنظیم کے ذمہ داران اور ممبران پہلے اپنی اصلاح کی فکر کریں اور ساتھ ہی ساتھ معاشرہ کی اصلاح کی بھی کوشش کرتے رہیں۔ مولانا نے طلباء کی دینی تعلیم کی طرف ذمہ داران کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ اس تنظیم کے تحت شیرور میں ایک ایسے مدرسہ کی بنیاد رکھنے کی ضرورت ہے جس کے تحت لڑکوں میں دینی تعلیم کا رجحان عام ہو اور جہاں سے حفاظ اور علماء نکلیں۔

جناب عبد الرقیب ایم جے ندوی نے کہا آپ کو تمام تر اختلاف کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک فکر کی بنیاد پر کام کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امت کے موجودہ حالات سامنے رکھتے ہوئے اصلاحی کام کرنے پر بھی زور دیا اور بٹنے کے بجائے متحد ہوکر کام کرنے کی بات کہی۔

جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے مسائل کے حل کے لیے محکمۂ پولیس کی خدمات لینے اور جرائم سے پاک معاشرہ تشکیل دینے پر زور دیا ، انہوں نے کہا کہ جب جب بھی آپ کو جس محکمہ کی ضرورت محسوس کریں ان کا تعاون آپ ضرور لیں۔ آج آپ نے خدمت کے جذبہ کا اظہار کیا ہے ، سچی بات یہ ہے کہ خدمت کرنے والوں ہی کو یاد کیا جاتا ہے اور نسلیں انہیں یاد رکھتی ہیں۔ اس لیے اس اصلاحی تنظیم کے ذریعہ سے انسانیت کی فلاح وبہودی کے کام ہونے چاہیے۔

ان کے علاوہ بیندور پولیس تھانہ کے ذمہ دار پون کمار ، توحید ایجوکیشنل ٹرسٹ گنگولی کے اہم رکن جناب شیخجی عبدالحمید صاحب اور دیگر اسٹیج پر موجود مختلف تنظیموں کے ذمہ داران نے بھی اپنے اپنے مفید خیالات کا اظہار کیا۔

Share this post

Loading...