مدرسہ تجوید القرآن شرالی کے زیر اہتمام تعلیم کی اہمیت پر منعقد ہوا پروگرام

بھٹکل 08/ مارچ 2020(فکروخبر نیوز)  مدرسہ تجوید القرآن شرالی کے زیر اہتمام بروز جمعرات بعد عشاء تعلیم کی اہمیت کے عنوان پر ایک جلسہ مسجد رحمانیہ کے احاطہ میں منعقد کیا گیا جس میں طلباء نے مختلف پرو گرام پیش کرتے ہوئے سامعین کو پیغام دینے کی کوشش کی تو وہیں اسٹیج پر تشریف فرما مہمانان نے اپنے خطابات میں علم دین کی اہمیت وضرورت، حالاتِ حاضرہ میں ہماری ذمہ داریاں اور غیر مسلموں کے ساتھ حسنِ سلوک کو تفصیل سے بیان کیا۔ننھے منے طلباء نے بڑے ہی اچھے انداز میں اپنا پروگرام پیش کیا، نعتیں، نظمیں اور مکالموں کی شکل میں انہوں نے سامعین کو خوب محظوظ کیا جس پر سامعین نے ان کی بھر پور ہمت افزائی کی اور اسٹیج پر تشریف مہمانان نے اپنے تأثرات کے دوران بچوں کی صلاحیتوں کی ستائش کی۔ 
    مہمانان نے اپنے خیالات کے دوران کہا کہ علم دین سے بڑھ کر کوئی تعلیم اس وجہ سے نہیں ہوسکتی کہ حضور اکرم  ﷺ نے اسے بہترین تعلیم قرار دیا ہے اورپڑھنے پڑھانے کو بہتر ین شخص قرار دیا ہے۔ یہ علم نہ صرف ہمیں دنیامیں فائدہ دیتا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ آخرت کے آنے والی تمام مراحل میں بھی یہ کام دے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ دین اسلام پرکامل طور پر عمل کرتے ہوئے زندگی گذارنے کی نصیحتیں کیں۔ مسجد کے آس پاس بسنے والی غیر مسلم آبادی کے ساتھ اپنے اچھے اخلاق کا نمونہ پیش کرنے اور ان تک اپنے عمل سے اسلامی پیغام پہنچانے کے لیے حاضرین کو کو ششیں کرنے اور اپنے اعمال کا جائزہ لینے پر زور دیا گیا۔ 
    اسٹیج پر سابق مہتمم جامعہ مولانا محمد فاروق صاحب،مدرسہ تنویر الاسلام مرڈیشور کے سابق مہتمم مولانا محمد حسین صاحب،مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی، اساتذہئ جامعہ میں مولانا محمد انصار ندوی مدنی اور مولانا نعمت اللہ عسکری ندوی موجود تھے۔ 
    جلسہ کا آغاز حافظ عکراش کی تلاوت سے ہوا، جماعت المسلمین کے صدر جناب خواجہ صاحب نے شکریہ کلمات ادا کیے اور مسجد کے امام مولانا مصعب بلگی ندوی اور مولانا محمد انور شرالی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ 

Share this post

Loading...