استاد فقہ وحدیث مولانا عبدالرب ندوی نے کہا کہ اسلام میں دین اور دنیا میں کوئی تفریق نہیں کی گئی ہے بلکہ ہمیں اس دنیا میں رہتے ہوئے دین پر عمل کرنا ہے اور فرائض کو پورا کرنے کی کوشش کرنی ہے۔ انہوں نے عقیدہ کی درستگی اور دیگر کئی اہم باتوں کی طرف حاضرین کی توجہ مبذول کرانے کی کوشش کی۔ استاد ادب جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا محمد اقبال نائیطے ندوی نے کہا کہ قبیلوں کی بنیاد پر کوئی تفریق نہیں ہے ، اللہ کے نزدیک انسان کا مقام صرف تقویٰ کی بنیاد پر ہے ،کسی کو بھی کسی پر فوقیت حاصل نہیں ہے۔ استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا عبدالاحد فکردے ندوی نے قرآن کریم کے موضوع پر اپنے بہترین پیغام حاضرین کو دیتے ہوئے قرآن کریم کی عظمت دل میں بٹھانے اور اس کے احکامات پر عمل کرنے کی ترغیب دی۔ ملحوظ رہے کہ جلسہ کا آغازمشرف پٹھان کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا اور نعت ریحان حمزہ نے پیش کی۔ نظامت کے فرائض مولانا مجاہد الاسلام ندوی نے بحسنِ خوبی انجام دئیے ۔دعائیہ کلمات پر یہ جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔
کاسرگوڈ میں ایک شخص کا بھیانک قتل ;دوسرا شدید زخمی
کاسرگوڈ : یکم مئی 2017(فکروخبرنیوز) یہاں کمبلے کے قریب ایک شخص کو نامعلوم افرادکی جانب سے بھیانک قتل کردئیے جانے کی واردات کل پیش آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مقتول کا سر کچھ ہی فاصلے پر پڑا ہوا ملا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ قتل کسی تیز دھار ہتھیار سے ہوا ہے۔ مقتول کی شناخت عبدالسلام (32) مقیم پیرواڑ ، کمبلے کی حیثیت سے کرلی گئی ہے جو کہ ایک قتل معاملہ کا ملزم ہے۔ سلام کے ساتھ موجود نوشاد مقیم بدریہ نگر سخت زخمی ہے جسے منگلور منتقل کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق عبدالسلام اور نوشاد سمیت چار افرادمشتبہ حالت میں ایک رکشہ کے ذریعہ جارہے تھے۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرکے تحقیقات کے بعد رہا کردیا۔ بتایا جارہا ہے کہ اس کے تھوڑی ہی دیر بعد یہ واردات پیش آئی ہے۔ذرائع کے مطابق عبدالسلام اور اس کے ساتھی سنیچر کے روز ایک گھر میں گھس آئے اور وہاں ہنگامہ کھڑا کردیا ، پولیس نے جائے واردات سے دو بائک اور ایک رکشہ بھی برآمد کیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پتہ چلا ہے کہ جب یہ چار افراد نشہ میں جارہے تھے تو ایک گروہ نے اس پر حملہ کردیا ، شبہ ہے کہ یہ قتل کی واردات سپاری دے کر انجام دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آپسی دشمنی کی وجہ سے یہ واردات پیش آئی ہے۔ پولیس ا س ناحیہ سے بھی اس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے کہ کہیں اس معاملہ میں ریت مافیا تو ملوث نہیں ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ مقتول سلام ، شفیق (25) مقیم پیرل کمبلے کے قتل معاملہ کا ملزم ہے ، اس پر یہ بھی الزام ہے کہ اس نے قتل کے بعد شفیق کی لاش ایک زیر تعمیر عمارت میں نذرِ آتش کی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس پر ایک نئی انو وا کار کو نذرِ آتش کیے جانے الزامات ہیں۔ پولیس افسران نے جائے واردات کا معائنہ کرنے کے بعد تحقیقات شروع کردی ہیں۔
بھٹکل کے گجانن اسٹریٹ میں چوری کی واردات
بھٹکل : یکم مئی2017(فکروخبرنیوز) یہاں کے فاروقی محلہ کے قریب واقع گجانن اسٹریٹ (ونڈکیری ) کے ایک گھر ’’ میراں منزل‘‘ میں چوری کی واردات منظر عام پر آئی ہے۔ فکروخبر کے مطابق کل رات چورگھر کا اگلا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور گھر میں موجود تقریباً تمام چھوٹی بڑی تقریباً پندرہ الماریاں توڑ ڈالیں اور دس ہزار نقدی لوٹ کر گھر کے پچھلے دروازے سے فرار ہوگئے۔ تقریباً پندرہ روز قبل اس گھر کے مکین دبئی گئے ہوئے ہیں اور گھر میں کسی کے موجود نہ رہنے کافائدہ اٹھاتے ہوئے چوروں نے یہ واردات انجام دی۔ آج دوپہر بارہ بجے جب کو ئی رشتہ دار گھر آیا تو واردات کا پتہ چلا اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع کردی۔ گھر میں موجود دیگر سامان چوروں نے توڑپھوڑ دیا ہے۔ شہری پولیس تھانہ میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔
Share this post
