شیوموگہ 3 اکتوبر2023 (آئی اے این ایس) کرناٹک پولس نے حال ہی میں شیوموگا میں میلاد کے جلوس کے دوران پیش آنے والے فرقہ وارانہ واقعہ کے سلسلے میں 24 ایف آئی آر درج کی ہیں اور 60 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے پولیس سپرنٹنڈنٹ متھن کمار نے کہا کہ شیو موگا میں حالات اب پرامن ہیں اور معمول پر آ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں ضرورت کے مطابق حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کسی کو افواہوں پر یقین نہیں کرنا چاہیے اور عوام کو جھوٹی خبروں پر کان نہیں دھرنا چاہیے۔ ایس پی نے مزید کہا کہ واقعہ کے ذمہ دار کو بخشنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ہم باہر کے لوگوں کے کردار کی بھی تفتیش کر رہے ہیں۔ پولیس کو تمام جہتوں سے شواہد مل گئے ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے اور اب ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
شیموگا میں گزشتہ اتوار کو شہر میں میلاد کے جلوس کے دوران پتھراؤ کا واقعہ پیش آنے کے بعد کشیدگی پھیل گئی۔ اس واقعے کے بعد حکام نے شہر میں سی آر پی سی دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات نافذ کر دیے تھے۔
Share this post
