موسم گرما کے پیشِ نظر سابق رکن اسمبلی محمد رحیم خان کی جانب سے شہریان کو پینے کا پانی سپلائی (مزید اہم ترین خبریں)


گولہ خانہ اردو ہائیر پرائمری اسکول بیدر نئے تعلیمی سال کیلئے ’’مدرسہ آغاز جلسہ ‘‘منایا گیا

بیدر۔4؍جون۔(فکروخبر/محمدامین نواز بیدر)۔گولہ خانہ اردو ہائیر پرائمری اسکول بیدر نئے تعلیمی سال کیلئے ’’مدرسہ کاآغاز جلسہ ‘‘منایا گیا ۔اس موقع پر مہمانِ حصوصی کی حیثیت سے جناب محمدجاوید احمد سی آرپی نے مُخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ اپنے بچوں کو اپنی مادری زبان اُردو میں تعلیم دلائیں ‘ِکیونکہ بچے کی پہلی مادری زبان اُردو ہوتی ہے ۔اس سے والدین اور بچے کو جانچنے میں مدد ملتی ہے کہ اپنا بچہ پڑھ رہا ہے یا نہیں ۔انھو ں نے بتایا کہ آج کے اس مسابقتی دور میں اُردو مدارس کے تحفظ کیلئے محبانِ اُردو کی خصوصی توجہ چاہئے ۔ہم دیکھتے ہیں کہ سرکاری و امدادی مدارس میں طلباء کی تعداد دن بدن گھٹتی جارہی ہے ‘جبکہ حکومت کی جانب سے یونیفارمس ‘درسی کتابیں‘اور دوپہر کا کھانا اور اسکالر شپ اور جماعت ہشتم کے طلباء و طالبات میں سائیکل بھی مفت دی جارہی ہیں۔اور سرکاری و امدادی مدار س میں اساتذہ کا تقرر میرٹ کی بنیاد پر ہوتا ہے اساتذہ انتہائی تجربہ کار ہوتے ہیں۔جلسہ کی صدارت وارڈ نمبر 8کے رکنِ بلدیہ جناب محمد عتیق احمد نے کی۔ جلسہ کا آغاز قراء تِ کلام پاک سے ہوا۔صدرمعلمہ مدرسہ ہذا نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا ۔محترمہ فریدہ بیگم معلمہ نے جلسہ کے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔جبکہ معلمہ ظہور فاطمہ ‘ سبیل النِساء معلمہ‘ زیبا انجم معلمہ اور دیگر معلمات نے جلسہ کے انتظامات میں بڑھ چرھ کر حصہ لیا ۔ جلسہ میں طلباء اور اولیائے طلباء کی کثیر تعداد دیکھی گئی۔


علی باغ بیدر میں سی سی بیڈ روڈ تعمیر کا افتتاح

بیدر۔4؍جون۔(فکروخبر/محمدامین نواز بیدر)۔بیدر بلدیہ کے وارڈ نمبر 1کے مجلسی رکن بلدیہ جناب محمد عبدالعزیز منا بھائی نے اپنے وارڈ کے محلہ علی باغ کے جمیہ گلی میں آج سی سی بیڈ روڈ کی تعمیری کام کا آغاز کیا اور ساتھ ہی ساتھ پائپ لائین کے علاوہ ڈرین کا تعمیری کام بھی شروع کیا گیا۔اس تعمیری کام کا افتتاح جناب محمد حبیب الرحمن سرپرستِ مجلس بیدر کے ہاتھو ں عمل میںآیا ۔ ا س موقع پر جناب محمدحبیب الرحمن نے بتایا کے رمضان المبارک کے پیش نظر مجلسی رکن بلدیہ نے اپنے وارڈ میں راستوں کی درستگی اور سی سیبیڈ روڈکی تعمیری کام کا آغاز کیا ہے جو واقعی قابلِ ستائش کام ہے۔کیونکہ جمعیہ گلی میں میں جب رکن بلدیہ تھا تو یہاں فرشی بچھائی گئی تھی ۔اب ہمارے مجلسی رکن بلدیہ جناب عبدالعزیز منا بھائی نے یہاں سی سی بیڈ کی تعمیرکرکے یہاں کی عوام کو موسمِ بارش اور رمضان سے قبل بہتر سہولت فراہم کی ہے۔اس موقع پر جمعیہ گلی کے محمدزاہد‘رمیش بھائی‘ محمد انور ‘محمد رفیع‘عبدالقدوس ‘عبدالوحید‘ محمد مشیر ڈانگے ‘اور راجیو سوشیل ورکرکے علاوہ ہزاروں محبانِ مجلس موجود تھے ۔


آج جامعہ اسلامیہ دارالعلوم محمود گاوان ؒ مسلم ہاسٹل بیدر جلسہ سالانہ و دستار بندی حفاظ کرام کاانعقاد 

بیدر۔4؍جون۔(فکروخبر/محمدامین نواز بیدر)۔مولانا محمد شکیل احمدنذیر حسامی کے بموجب جامعہ اسلامیہ دارالعلوم محمود گاوان ؒ مسلم ہاسٹل بیدرمیں مورخہ5؍جون بروز جمعہ بعد نمازِ عشاء ایک عظیم الشان جلسہ سالانہ و دستار بندی حفاظ کرام منعقد کیا جارہا ہے۔ جلسہ کو مولانا بشیر احمد حسامی ناظممدرسہ مصباح العلوم حیدرآباد مُخاطب فرمائیں گے ۔ مولانا مفتی غلام یزدانی اشاعتی مدرس جامعہ ہذا مُخاطب فرمائیں گے ۔اور اس سال تکمیلِ حفظ کرنے والے 6طلباء کو بدست حضرت مولانا دست مبارک تہنیت پیش کی جائے گی۔عامۃ المسلمین سے شرکت کی گزارش کی گئی ہے۔***


معاشرہ کا بگاڑ اور سدھار خواتین پر منحصر ہے اس لئے خواتین کا دیندار اور تعلیم یافتہ ہونا بہت ضروری ہے

بیدر۔4؍جون۔(فکروخبر/محمدامین نواز بیدر)۔معاشرہ کا بگاڑ اور سدھار خواتین پر منحصر ہے اس لئے خواتین کا دیندار اور تعلیم یافتہ ہونا بہت ضروری ہے ان خیالات کا اظہار مولانا محمد تصدق ندوی مہتمم جامعہ نورالاسلام چٹگوپہ نے بیدر میں خواتین کے چالیس روزہ دینی تربیتی کورس کے اختتامی جلسہ سے خطاب کر تے ہوئے کیا مولانا ندوی نے مزید فرمایا کہ آج معاشرہ میں جو بگاڑ نظر آرہا و ہ عورت کی دین سے دوری کا نتیجہ ہے جب ایک عورت بگڑتی ہے تو سماج کے چار ذمہ دار افراد باپ ،بیٹا ، بھائی ، شوہر کو جہنم میں لے جانے کا ذریعہ بنتی ہے خواتین امت کی دین سے بڑھتی ہوئی دوری کے پیش نظر مفتی غلام یزدانی اشاعتی خطیب جامع مسجد بیدر نے شادی شدہ اور دراز عمر کی خواتین کیلئے ضلع بیدر میں اپنی نوعیت کا منفرد و مثالی کورس شروع فرمایا ہے اس بے لوث کاوش کو مولانا ندوی نے ایک مستحسن اقدام قرار دیتے ہوئے مبارکباد پیش کی مولانا مونس کرمانی ناظم مدرسہ بدر العلوم بیدر نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ علم دین کا حاصل کرنا ہر مرد و عورت پر فرض ہے جو علم دین سے غافل بے بہرہ ہوتا ہے اس میں اور حیوان میں فرق باقی نہیں رہتا ہے بلکہ قرآن کے فرمان کے مطابق وہ حیوان سے گیا گذرا ہو جاتا ہے حضور پاک ؐ نے ارشاد فرمایا تم معلم ہوجاؤ یا متعلم ہوجاؤ یا علم کو سننے والے یا اس سے محبت کرنے والے ہو جاؤ پانچویں نہ بن جانا ورنہ ہلاک ہوجاؤ گے پانچویں نہ بننے کا مطلب یہ ہے حصول علم میں رکاوٹیں ڈالنے والے نہ بن جاؤ ورنہ ہلاک ہو جاؤ گے لہٰذا ہم دین کے کاموں میں رکاوٹ نہ بنیں بلکہ معاون بنیں ، اس داعیہ کورس کے بانی و موجد مفتی غلام یزدانی اشاعتی نے اپنے اختتامی خطاب میں فرمایا کہ اس وقت معاشرہ وماحول بہت خراب ہو چکا ہے لڑکیا ں غیروں کے ہاتھ تھام کر راہ فرار اختیار کر رہی ہیں جو ملت اسلامیہ کیلئے رسوائی کا باعث ہے بے حیائی و بے حجابی عام ہے خواتین نیم عریاں و چست لباس کو فیشن اور فخر سمجھ رہی ہیں برقعہ بھی اتنا چمکیلہ اور شوخیلہ ہوتا ہے کہ نہ دیکھنے والا بھی دیکھنے پر مجبور ہو جائے عورت کا سارا جسم ستر میں داخل ہے پیارے نبی ؐ نے ا رشاد فرمایا جو عورت اپنے سر کے بال کسی نا محرم کو بتاتی ہے کل قیامت میں اس کو اوندھے منہ لٹکا دیا جائے گا اور جو عورت اپنا چہرہ کسی نا محرم کو بتاتی ہے قیامت میں اللہ کے دیدار سے محروم کر دی جاتی ہے اللہ اس کی طرف نظر التفات بھی نہیں فرمائیں گے اس وقت اصلاح معاشرہ کی سخت ضرورت ہے جو کچھ آپ نے یہاں سیکھا ہے اس کو دوسروں تک پہنچائیں اپنے گھروں اورافراد خاندان میں اصلاح معاشرہ کا کام شرو ع کریں معاشرہ کو فرسودہ و غیر شرعی رسومات سے نکال کر نیک صالح معاشرہ تشکیل دیں یہ آپ کی اہم ترین ذمہ داری ہے مفتی صاحب نے فرمایا کہ یہ ہماری پہلی کاوش ہے اس پیاچ میں 25خواتین نے داخلہ لیا چالیس روز معہ طعام و قیام یہاں اسلام کی بنیادی اور ضروری تعلیم انہوں نے حاصل کی اکابر علماء سے مشاورت کے بعد بڑی محنت و جستجو سے اس کے نصاب کو مرتب کیا گیا جو بہت ہی کامیاب ثابت ہوا وہ خواتین جو شادی شدہ ہیں بچوں کی پرورش اور گھریلو کام کاج میں مصروف رہتی ہیں ان کیلئے بہت ہی زرین موقعہ ہے کہ کم وقت میں دین کا بنیادی اور ضروری علم حاصل کریں دوسرے بیاچ کا آغاز بعد رمضان انشاء اللہ سات شوال سے شروع ہو گا ۔


جمعیت علماء ہند ضلع بیدر نے تمام مخیر حضرات سے گذارش کی ہے کہ مدارس کے سفراء کے پاس

جمعیت علماء ہند ضلع بیدر کا تصدیق نامہ معہ دستخط مفتی غلام یزدانی اشاعتی صدر دیکھ کر مالی تعاون فرمائیں

بیدر۔4؍جون۔(فکروخبر/محمدامین نواز بیدر)۔ماہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے جو امت مسلمہ کیلئے نیکیوں کا موسم بہار ہے بدنی عبادت نماز روزہ تراویح تلاوت کے علاوہ امت کا مالدار طبقہ مالی عبادت زکواۃ صدقات خیرات کے ذریعہ اللہ رب العزت کا تقرب حاصل کرتا ہے اور اسلام کا ایک اہم ترین رکن ادا کرتا ہے زکواۃ کی رقم صرف حساب لگا کر نکالنا ہی کافی نہیں ہے بلکہ ڈھونڈ ڈھونڈ کر مستحقین تک پہنچانا بھی ضروری ہے اگر کسی کی زکواۃ مستحقین تک نہیں پہنچتی ہے تو فقہا ء نے لکھا ہے کہ زکواۃ جیسا عظیم فریضہ ادا ہوا ہی نہیں ،اس لئے زکواۃ کی ادائیگی کے وقت اچھی طرح تفتیش و تحقیق کر لینا چاہئیے ماہ رمضان المبارک میں باہر کے بہت سارے بوکس اور جعلی مدارس کے سفراء بھی نکل پڑتے ہیں جس سے حقیقی اور مستحق مدارس کی حق تلفی ہوتی ہے اور مالک نصاب کی زکواۃ بھی ادا ہونے سے رہ جاتی ہے اور مدارس اسلامیہ کی نیک نامی بھی متاثر ہو رہی ہے لہٰذا جمعیت علماء ہند ضلع بیدر نے تمام مخیر حضرات سے گذارش کی ہے کہ مدارس کے سفراء کے پاس جمعیت علماء ہند ضلع بیدر کا تصدیق نامہ معہ دستخط مفتی غلام یزدانی اشاعتی صدر دیکھ کر مالی تعاون فرمائیں تاکہ بوکس اور جعلی سفراء کی روک تھام ہو سکے اور صحیح مستحقین تک زکواۃ کی رقم پہنچ سکے ،مدارس دینیہ کے ذمہ دار حضرات سے گذارش کی جاتی ہے کہ 25؍ شعبان سے قبل دفتر جمعیت علماء ضلع بیدر موقوعہ باورچی گلی چوبارہ روڈ بوقت بعد نماز عصر تا عشاء رجوع ہو کر تصدیق نامہ حاصل کرلیں ۔


امرین بنتِ محمد اسمعیل نے سی ای ٹی نتائج میں ریاستی سطح پرمیڈیکل کا 4224واں رینک حاصل کیا

بیدر۔4؍جون۔(فکروخبر/محمدامین نواز بیدر)۔شاہین پی یو کالج بیدر کی طالبہ امرین بنت محمد اسمعیل نے امسال پی یو سی سالِ دوم میں بہتر نتائج لائے ہیں پی یو سی میں انھو ں نے 83.67فیصد نشانات سے امتیازی کامیابی حاصل کی اور سی ای ٹی میں 4224رینک حاصل کئے ہیں ۔امرین بنتِ اسمعیل ایک ایسی غریب لڑکی ہیں جنھوں نے گُلبرگہ کے زہرا ہاسٹل میں مع قیام و طعام کے ساتھ جماعت اول تا دہم تعلیم حاصل کی۔صحافیوں نے امرین بنتِ اسمعیل صاحب سے خصوصی طورپربات کی تو انھوں نے بتایا کہ میرے والدین نہایت ہی غریب ہیں ‘ہم چار بہنیں ہیں اور ایک بھائی ہے ۔مفلسی اور معاشی حالت اتنی کمزور ہے کہ ہمارے والدین کی اتنی حیثیت نہیں تھی کہ وہ ہمیں تعلیم سے آراستہ کرسکیں ۔ہم سبھی بہنیں زہرا ہاسٹل گُلبرگہ میں ہی مع قیام وطعام کے مفت تعلیم حاصل کیں۔جب میں جماعت دہم میں امتیازی کامیابی حاصل کی تو ہمارے ہاسٹل کے سکریٹری محمد اعظم علی نے مجھے اپنے ساتھ لے گُلبرگہ سے بیدرلائے اور شاہین ادا رہ جات بیدرکے سکریٹری ڈاکٹر عبدالقدیر سے ملاقات اور انھیں ساری صورتحال سے واقف کرایا ۔ڈاکٹر عبدالقدیر نے مجھے شاہین پی یو کالج میں مع قیام و طعام کے مفت داخلہ دیا۔میں نے پی یو سی میں شاہین پی یو کالج میں دو سال تک ماہر و تجربہ کار لیکچررس کی زیرِ رہنمائی تعلیم حاصل کی ۔میری تعلیمی ترقی کو دیکھ کر ڈاکٹر عبدالقدیر نے میری حوصلہ افزائی فرماکر میرے روشن مستقبل کیلئے دعا کرتے اور کہتے کہ پوری دلچسپی کے ساتھ تعلیم حاصل کریں ‘کوئی بھی مسئلہ ہو تو بلا جھجھک کہدیں ‘جبکہ مجھے یہاں پڑھائی کے دوران کوئی مسئلہ درپیش نہیں آیا۔لیکچررس اور اسٹاف نے نہایت ہی شفقت کے ساتھ میری حصول تعلیم میں دلچسپی بڑھائی میں پی یو سی سالِ دوم میں 83.67فیصد نشانات سے امتیازی کامیابی حاصل کی ۔اور سی ای ٹی نتائج میں ریاستی سطح پر4224واں رینک حاصل کیا ۔انھوں نے اپنے مستقبل سے متعلق بتایا کہ وہ ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں اور gynecologist کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دینا چاہتی ہیں ‘کیونکہ بہت کم مسلم خاتون ڈاکٹر ہیں جو gynecologist کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں ۔میری اس کامیابی کے پیچھے ڈاکٹر عبدالقدیر کا بڑا دخل رہا ہے ‘انھوں مجھ غریب کو اپنے کالج میں مع قیام وطعام کے مفت داخلہ دے کر مجھے اس قابل بنایا ۔میں اللہ کی بے انتہا شکر گزار ہوں کہ اللہ نے مجھے میری تعلیمی رہنمائی کیلئے ایسے ہمدرد و قابل ترین شخص کے ذریعے مدد فرمائی ۔امرین بنتِ محمداسمعیل صاحب سے مزید تفصیلات و تعاون کیلئے اس موبائیل نمبر 9449837869اور7026198045پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔

Share this post

Loading...