شرپسندوں نے مسلم رکشہ ڈرائیوروں کو بری طرح کیا زدوکوب (مزید اہم ترین خبریں)

حملہ آوروں کی شناخت اڈیالی کے مقیم منوپا گوڈا ، دھرنپا گوڈا ، پوانی گوڈا اور اس کا بیٹا پرساد بالاکرشنا ، کیشورا ، کشالاپا اور بے بی گوڈا کی حیثیت سے کرلی گئی ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے دونوں رکشہ ڈرائیوروں پرلوہے کے سلاخوں اور تلواروں سے جان لیوا حملہ کردیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق منوپا گوڈا نے اڈیالی سے اپنے گھر جانے کے لیے محمد آصف کی رکشہ پر بیٹھ گیا ۔ جب رکشہ گھر کے قریب پہنچا تو اس نے کرایہ گھر سے لاکر دینے کی بات کہی ۔ جب محمد آصف کرایہ ادا کرنے کے انتظار میں اپنی رکشہ کھڑی کرکے منوپا گوڈا کا انتظار کررہا تھا اس دوران پووانی گوڈا اور اس کا بیٹا پرساد نے اس سے انتظار کرنے کی وجہ پوچھتے ہوئے حملہ کردیا۔ محمد آصف کا بیان ہے کہ وہ کسی طرح اس سے بچتے ہوئے سونور کی مسجد پہنچا جب افطاری کا وقت ہورہا تھا۔ افطاری کے بعد اس نے اپنے ایک دوست قلندر کو ساتھ لیا اور رکشہ واپس لانے کے بعد منوپا گوڈا کے گھر گیا ۔ محمد آصف نے درج شدہ شکایت میں اس بات کی بھی وضاحت کی ہے کہ رات میں رکشہ واپس لانے پہنچے تو وہاں چند افراد نے ان کو روک کر تلواروں سے حملہ کردیا اور اسے سخت زخمی کردیا۔ پولیس نے اس شکایت کی بنیاد پر دو افراد کو حراست میں لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ دوسری جانب ملزم پوانی نامی شخص کی بیوی نے پولیس تھانہ میں کیس درج کرتے ہوئے زخمی محمد آصف اور قلندر کے خلاف عصمت دری کی کوشش کرنے کا الزام لگایا ہے۔ اس نے اپنے شکایت میں کہا ہے کہ منوپا گوڈا اور رکشہ ڈرائیور محمد آصف کے درمیان کرایہ کو لے کر بحث ہوگئی جس پر میرے شوہر نے ثالثی کا کردا رادا کرتے ہوئے معاملہ کو رفع دفع کرایا۔ کچھ دیر بعد محمد آصف اپنے ساتھی قلندر کو ساتھ لے آیا اور بغیر اجازت کے ہمارے چہار دیواری میں داخل ہوکر میرے شوہر پر حملہ بول دیا۔ جب میں نے بچانے کی کوشش کی تو اس نے میرا منگل سوتر کھینچا اور مجھ سے عصمت دری کرنے کی کوشش کی ۔ خاتون نے الزام لگایا کہ محمد آصف کے ساتھ اس کے ساتھی قلندر نے بھی دیگر عورتوں کے ساتھ عصمت دری کی کوشش کی تھی ۔ ذرائع کے مطابق کڈاپا پولیس نے کاؤنٹر کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں اور حملہ آوروں میں پوانی گوڈا (62) اور منوپا گوڈا (67) کو حراست میں لیا ہے۔ حملہ آور وں میں کل سات افراد کے خلاف معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔ مذکورہ واردات سے کشیدگی پھیلنے کی خوف سے ضلع ایس پی بھوشن جی بھورسے نے سونور میں ایک پیس میٹنگ کا انعقاد کرکے دونوں طبقے کے لوگوں سے اس معاملہ کو جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ 



پولیس انسپکٹر نے ساس کی مدد سے کیا بیوی کا قتل 

ٹمکور 11؍ جون (فکروخبرنیوز) ہوسادرگا پولیس تھانہ کے انسپکٹر گریش کی بیوی پرافلا (25) کے قتل معاملہ سے پردہ اٹھانے میں پولیس پوری طرحکامیاب ہوگئی ہے۔ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق پرافلا کا قتل کرنے کے لیے اس کے شوہر گریش اور اس کی ماں نے تین افراد کو سپاری دیا تھا جو اس وقت پولس حراست میں ہیں۔ تحقیقات کے دوران گریش سے ملنے والے جوابات سے پولیس کو شک ہوگیا تھا اورسانگن ہلی گرام پنچایت کے ممبر چدانندا نے تفتیش کے دوران گریش اور اس کی ساس سے سپاری لینے کی بات کہی ۔ ذرائع کے مطابق گریش اور اس کی ساس مہا دیوما کے بیچ ناجائز تعلقات قائم کرنے میں گریش کی بیوی پرافلا آڑے آتی تھی جس کو راستے سے ہٹانے کے لیے سپاری دے کرقتل کیا گیا ۔ 


منگلور : تہرے سڑک حادثہ کا معاملہ 

لاری ڈرائیور موبائیل پر بات چیت کررہا تھا؟؟

بنٹوال 12؍ جون (فکروخبرنیوز) جمعہ کے روز پیش آنے والے تہرے سڑک حادثہ میں تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ لاری ڈرائیور موبائیل فون پر بات چیت کررہا تھا۔ یاد رہے کہ اس حادثہ میں ایک لاری ڈوائیڈر سے ٹکراتے ہوئے ایک رکشہ اور ماروتی وین سے ٹکراگئی تھی جس میں پانچ افراد ہلاک اور دیگر تین زخمی ہوگئے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق لاری ڈرائیور موبائیل فون پر بات چیت کررہا تھا اس دوران اس کا موبائیل فون گرگیا جس کو اٹھاتے وقت لاری بے قابو ہوگئی اور ڈوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد مخالف سمت سے آرہی رکشہ اور وین سے ٹکرائی تھی۔ اس حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد نذیر ، محمد سلام ، محمد انیس ، عباس اور سنان کی حیثیت سے کرلی گئی تھی ۔ بتایا جارہا ہے کہ ان پانچوں افراد کا تعلق غریب خاندان سے ہے۔ 


بینک کو نقلی سونے سے دھوکہ دینے کامعاملہ 

پولیس نے اہم ملزم کو کیا گرفتار 

کاسرگوڈ 12؍ جون (فکروخبرنیوز) بینک میں نقلی سونا رکھ قرضہ حاصل کرنے کے معاملہ میں ابتدائی تحقیقات کے دوران پولیس کی جانب سے معاملہ کے اہم ملزم یو کے حارث (36) کو گرفتارکیے جانے کی اطلاع فکروخبر کو ملی ہے۔ تحقیقات کے دوران اس بات کا خلاصہ ہوا ہے کہ حارث نے بنک کو قریب ایک کروڑ روپئے کا دھوکہ دیا ہے۔ پولیس نے اس کے گھر پرچھاپہ مارتے ہوئے اس کی کار کے ساتھ ساتھ قریب آدھاکلو نقلی سونا اور مختلف دکانوں سے لائے گئے نقلی سونے کی تیس رسیدیں بھی ضبط کی ہیں۔ پولیس نے اس سے پہلے نیلشور پالیکیرے(41) ، کے جیا راجن (43) کے عبدالمجید (29) کو گرفتار کیا تھا ۔ بتایا جارہا ہے کہ اس معاملہ کے 50 ملزمین شک کے دائرے میں ہیں ۔ تحقیقات کے بعد یہ بھی پتہ چلا ہے کہ اب تک بینک کو کل ملا کر چار کروڑ روپئے کا دھوکہ دیا گیا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ قریب بینک کے 140اکاؤنٹس سے نقلی سونا رکھ سے پیسے قرضہ لیے گئے ہیں۔ تحقیقاتی کمیٹی کاکہنا ہے کہ مفرور بینک مینیجر ٹی آر سنتوش کو بھی جلد گرفتار کیا جائے گا۔ پولیس نے تحقیقات کا دائرہ اب کیرلا سے بڑھاتے ہوئے کرناٹک اور گوا تک پھیلایا ہے۔

Share this post

Loading...