شرواتی مسلم کونسل کی طرف سے ہونہار طلبہ وطالبات کی تہنیت کے لیے تعلیمی ایوارڈ پروگرام

ہوناور12؍ اگست 2023 (فکروخبرنیوز) شرواتی بیلٹ کے مسلم طلبہ اور طالبات کے درمیان ہر سال کی طرح امسال بھی شراوتی مسلم کونسل کی طرف سے تعلیمی ایوارڈ کی تقریب اتحاد پبلک اسکول ولکی میں بروز جمعرات بعدِ عصر منعقد ہوئی۔ پروگرام میں ایس ایس ایل سی میں 85 اور اس سے زیادہ فیصد نمبرات حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کے درمیان ایوارڈ تقسیم کیے گئے۔

ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل وخطیب جمعہ مسجد حمزہ بھٹکل مولانا محمد اقبال نائیطے ندوی نے کہا کہ یوروپ میں سولہویں صدی میں ضلالت اور جہالت عام تھی، انہیں علم سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ اب جو کچھ ان کی ترقی نظر آرہی ہے وہ مسلمانوں ہی کے علم کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کی کتابوں کے ذریعہ علم میں ترقی حاصل کی اور یہ بات معلوم ہونا چاہیے کہ دنیا کے تمام علوم مسلمانوں ہی کی دین ہے۔

مولانا نے کہا کہ اسلام نے اقرأ کے ذریعہ اپنی تعلیم کا آغاز کیا اور وہ بھی اس دور میں جب ہر طرح کی برائیاں معاشرہ میں پائی جارہی تھیں۔ آج بھی اگر اقرأ کے پیغام پر عمل کیا جائے تو آج بھی ظلموں کے پردہ کو ہٹایا جاسکتا ہے۔

کونسل کے ذمہ دار جناب مظفر شیخ نے بتایا کہ ایوارڈ کی  تقسیم سن 2015 سے جاری ہے جس کے تحت شراوتی بیلٹ کڈلوری ، گیر سوپا ، سرلکی ، سمسی ، اپنی ، ولکی ، کروا اور ہیرانگڈی کے حفظ کی تکمیل کرنے والے طلبہ وطالبات کے ساتطھ ساتھ ان طلبہ وطالبات کو ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے جوایس ایس ایل سی میں 85 اور اور اس سے زیادہ فیصد نمبرات حاصل کیے ہوں۔ اسی طرح پورے شرواتی بیلٹ میں پی یو سی سال دوم میں سب سے زیادہ فیصد نمبرات کے ساتھ کامیاب ہونے والے ایک طالب علم یا طالبہ کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔

شراوتی کونسل کے جنرل سکریٹری مولانا ڈاکٹر عبداللہ سکری ندوی نے کونسل کی رپورٹ پیش کی۔

اس موقع پر بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے صدر ڈاکٹر عتیق الرحمن منیری، بھٹکل مسلم جماعت دبئی کے صدر جناب محمد اشفاق سعدا اور انجمن کالج بورڈ سکریٹری جناب محی الدین رکن الدین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔ ان کے ساتھ ساتھ جناب قمر سعدا اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔

کونسل کے صدر جناب خواجہ ابکار کے صدارتی کلمات پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔

Share this post

Loading...