نفرت انگیز تقاریر : وشوا ہندو پریشد کے رہنما شرن پمپ ویل اور دنیش مینڈن کے خلاف معاملہ درج

اڈپی05؍ اگست 2023(فکروخبرنیوز) اڈپی پولیس نے وشوا ہندو پریشد کے شرن پمپ ویل اور دنیش مینڈن کے خلاف ایک ریلی کے دوران نفرت انگیز تقاریر کرنے پر مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ تقریر انہوں نے اڈپی پیرا میڈیکل کالج میں پیش آئے واقعہ کے سلسلہ میں شری کرشنا مٹھ کے راجنگانہ آڈیٹوریم کے نزدیک پارکنگ ایریا میں کی تھی۔

دی نیوز منٹ میں شائع خبر کے مطابق شرن پمپ ویل نے اپنی تقریر میں خواتین سے کہا تھا کہ وہ اپنے ہاتھوں میں ہتھیار اٹھالیں۔ انہوں نے مبینہ طور پر خواتین کو جھاڑو کے بجائے ہتھیار اٹھانے کو کہا ، خواتین گھر کے کام کاج کے دوران جھاڑو کا استعمال کرتی ہیں لیکن ہماری خواتین کو اگر اس طرح ڈرایا جائے تو جھاڑو کے بجائے عورتیں تلوار پکڑ سکتی ہیں، اگر کوئی ہماری خواتین کو تنگ کرنے کے لیے آیا تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

ان دونوں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 505 (1) (بی اور سی) (بھڑکانے کے ارادے) اور 506 (مجرمانہ دھمکی) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

Share this post

Loading...