بھٹکل20؍ دسمبر2021(فکروخبرنیوز) شاہین ادارہ جات بیدر کے مسابقہ ترانۂ میں اول مقام حاصل کرنے والے جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے فارغ مولانا اظہر ندوی کی بھٹکل آمد پر آج جامعہ اسلامیہ بھٹکل اور علی پبلک اسکول میں تہنیتی جلسے منعقد کیے گئے۔
جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں منعقدہ جلسہ میں مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد ندوی نے کہا کہ مولانا اظہر ندوی اپنے پڑھائی ہی کے زمانے سے بڑے باصلاحیت تھے۔ اپنی تعلیم کے دوران انہوں نے بڑی محنت کی ہے جس کا ثمرہ آج انہیں مل رہا ہے ، وہ جامعہ کے قابلِ فخر سپوت ہیں۔
علی پبلک اسکول بھٹکل میں منعقدہ جلسہ میں بانی وجنرل سکریٹری علی پبلک اسکول بھٹکل مولانا محمد الیاس ندوی نے کہا کہ یہ ہمارے لیے بڑی خوشی کی بات ہے کہ شاہین ادارہ جات نے مولانا اظہر ندوی کے تخلیق شدہ ترانہ کو منتخب کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مولانا اظہر ندوی بڑی با صلاحیت فضلاء میں ہے اورایک بہترین شاعربھی ہے۔
مذکورہ معزز علماء نے یہ پیغام دیا کہ محنت سے ہر چیز کا حصول کا ممکن ہے اور ہمیں اس کے ذریعہ سے یہ پیغام ملتا ہے کہ انسان کو اپنی محنت جاری رکھنی چاہیے اور انسان اپنی محنت کا ثمرہ دیکھ ہی لیتا ہے۔
مولانا اظہر ندوی کی خدمت میں جامعہ اوراے پی ایس کی جانب سے مبارکبادی پیش کی گئی۔
یاد رہے کہ شاہین ادارہ جات بیدرنے اپنے ادارہ کے ترانے لکھنے کے لیے مقابلہ منعقد کیا تھا جس میں ملک بھر سے مختلف شعراء نے حصہ لیا تھا اور اپنی قسمت آزمائی تھی۔ جامعہ اسلامیہ کے فارغ اور مدرسہ مدینۃ العلوم کے مہتمم مولانا اظہر ندوی نے بھی ترانہ لکھا تھا۔ اور شاہین گروپ نے مولانا موصوف کے ترانہ کا انتخاب کیا جس پر انہیں پچاس ہزار روپئے کا انعام سے نوازا گیا تھا۔
Share this post
