بھٹکل 19؍ جون 2023 (فکروخبرنیوز) بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کی جانب سے کل رات وزیر منکال وائیدیا کی تہنیت کے لئے پروگرام کا انعقاد کیا گیاجس میں بھٹکل کے اسپورٹس سینٹرز کے ذمہ داران نے ان کی گلپوشی کرتے ہوئے ان کا استقبال کیا۔
اپنے خیالات کے اظہار کے دوران وزیرمنکال وائیدیا نے کہا کہ کرناٹک ہی نہیں بلکہ ہندوستان کے کسی بھی سات کلومیٹر کے علاقہ میں 30 اسپورٹس نہیں ہے اور وہ بھی ایسے اسپورٹس سینٹر جو حقیقت میں کام کرکے دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ بھٹکل کی تاریخ میں ایک لاکھ سے زائد ووٹ دلانے کے لیے ان 30 اسپورٹس سینٹروں کی کوششوں کا بڑا دخل ہے جنہوں نے اپنے بڑوں کی نگرانی میں کھانے پینے کی پرواہ بغیر تاریخی کام کرکے دکھایا جس پر سبھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اس پر مزید خوشی کی بات یہ ہے کہ آپ نے کسی بھی چیز کی مانگ نہیں رکھی ہے، آپ کا مطالبہ صرف ایک میدان کا تھا جس کے سلسلہ میں 2016 میں کام شروع ہوچکا تھا لیکن وہ پایہ تکمیل کو نہیں پہنچا، اب وہ کام بھی ہوجائے گا۔ انہوں نے بھٹکل کے نوجوانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے صرف جگہ کا مطالبہ کیا اور باقی سب بندوبست کے سلسلہ میں کسی بھی طرح کی کوئی بات نہیں کی لیکن اگر یہی کام کسی اور علاقہ میں کیا جانا ہوتا تو جگہ کے ساتھ انتظامات بھی ہمیں ہی کرنے پڑتے اور مزید ان کے لیے کچھ بچت بھی ہونی چاہیے۔
بھٹکل سے تعلق رکھنے والے بیرون میں مقیم لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود یہاں رہتے ہیں نہ ان کی اولاد یہاں مقیم ہیں لیکن اس کے باوجود وہ اپنے خون پیسنے کی کمائی یہاں کے لوگوں پر خرچ کررہے ہیں ۔ ان کا مقصد صرف یہ ہے کہ یہاں کے لوگ اس سے فائدہ اٹھائیں۔ وہ صرف ہمارے لیے اور بھٹکل کے لیے اتنی محنت کررہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اسپتال اور ایمبولنس کی سہولتیں بھی آپ کے لیے مہیا کرارہے ہیں یہ سب آپ کے لیے اس وجہ سے کیا جارہا ہے کہ اگر آپ کو کسی کام کی ذمہ داری دی جائے وہ آپ پورا کردکھاتے ہیں جس کی سب سے بڑی مثال حالیہ الیکشن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلہ میں آپ کے 55 ہزار سے زائد ووٹ مجھے حاصل ہوئے اور میں نے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا اب میری ذمہ داری کام کرنے کی اور اس کے لیے میرا تعاون آپ کے ساتھ رہے گا۔
منکال وئیدیا نے بجلی سے ہورہی پریشانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ 110 کے وی کا کام ہورہا ہے اور تقریباً ایک سال کے اندر یہ کام ہوجائے گا۔ اس کے علاوہ جوگ سے سیدھے لائن منکی لائی جارہی ہے اور اس کے لیے سروے بھی ہوچکا ہے۔ اسی طرح بیندور سے ایک لائن بھٹکل لائی جارہی ہے تاکہ کسی بھی طرح کی پریشانی نہ ہو۔
حالیہ بجلی بل میں اضافہ کو بی جے پی حکومت کی کارستانی قرار دیا اور اس کے لیے کانگریس کی جانب سے دوسویونٹ مفت بجلی کی اسکیم کے اگلے مہینہ سے آغاز ہونے کی بات کہی۔
Share this post
