بھٹکل 09؍ جولائی 2022(فکروخبرنیوز) اتراکنڑا سمیت ساحلی اضلاع میں تین دنوں کے لیے بھاری بارش کے امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں جس کو دیکھتے ہوئے تینوں اضلاع اترکنڑا ، اڈپی اور جنوبی کنڑا میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ ساحلی اضلاع میں بدھ کی رات سے شروع ہونے والی بارش سنیچرکو جاکر تھمی ، آج لوگوں نے ذرا چین کی سانس کی ، وقفہ وقفہ سے بارش تو ہوئی لیکن گذشتہ دو روز کے مقابلہ میں وہ کم تھی۔ ساحلی اضلاع میں اس بارش کی وجہ سے کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں اور لوگوں کو شدید تکالیف کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ان حالات میں اب اگلے تین دنوں تک مزید ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد نشیبی علاقوں کے لوگوں میں دوبارہ خوف کا ماحول پیدا ہورہا ہے۔ ان دو روز سے ہورہی بارش میں بھی ریڈ الرٹ جاری کیا گیا تھا جس میں نشیبی علاقے کے لوگوں کو کئی طرح کے نقصانات اٹھانے پڑے۔ اب انہیں اس بات کا خدشہ ستانے لگاہے کہ آئندہ تین روز سے جاری کیے گئے ریڈ الرٹ کے دوران بھی کہیں دوبارہ موسلادھار بارش کا سلسلہ نہ شروع ہوجائے۔
یاد رہے کہ کل اتوار سے عیدِ قرباں کے ایام شروع ہورہے ہیں جن میں اللہ کے راہ میں خوب قربانی دی جاتی ہے لیکن بارش کا سلسلہ یونہی جاری رہا تو قربانی کے عمل کے لیے لوگوں کو مشکلات درپیش آسکتی ہیں۔
Share this post
