بنگلورو:25/مارچ۔ سابق مرکزی وزیر اور سینئر کانگریس رہنما ڈاکٹر کے رحمن خان نے ریاستی بی جے پی حکومت کی طرف سے مسلمانوں کے 4فیصد ریزرویشن کو ختم کر دینے کے اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے عین قبل ریاست کی اعلیٰ ذاتوں کو رجھانے کے مقصد سے بی جے پی حکومت نے مسلمانوں کے ریزرویشن پر وار کیا ہے- آئینی طور پر بی جے پی حکومت کا یہ قدم درست نہیں اس تعلق سے عدالتوں میں چیلنج کر کے انصاف کی دہائی دی جا سکتی ہے – انہوں نے کہا کہ وکالیگا اور لنگایت طبقات کرناٹک میں اس قدر پسماندہ نہیں ہیں جتنے کہ مسلمان ہیں – اس کا ثبوت جسٹس راجندر سچر کمیٹی کی رپور ٹ میں موجود ہے- اس کے باوجود بی جے پی حکومت نے مسلم دشمن رویہ اپناتے ہوئے مسلمانوں کو 2Bزمرے کے تحت حاصل خصوصی ریزرویشن کو ختم کر دیا ہے-انہوں نے ریاستی حکومت کے اس اقدام کو ایک سیاسی شعبدہ بازی قرار دیا اور کہا کہ مسلمانوں کے ساتھ اس حکومت نے ہر معاملہ میں کھلی نا انصافی کی ہے اور اب ریزرویشن ختم کر کے ان کے ساتھ نا انصافیوں کی انتہا کر دی ہے-
Share this post
