اس موقع پر مذکورہ اسکیم کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر جناب اسلم بیگ اور تعلقہ بیدر کوآرڈینیٹر جناب محمد مجیب احمد نے بتایا کہ بی پی ایل اور انتو دیا راشن کارڈ گیرندوں کو ہیلتھ کارڈکی اسکیم مرکزی حکومت کی وزارتِ محنت کی جانب فراہم کی جارہی ہے ۔وارڈ نمبر 1میں موجود تمام بی پی ایل اور انتو دیا راشن کارڈ گیرندوں کو چاہئے کہ فوری طوری پر مرکزی حکومت کی اس ہیلتھ اسکیم کے تحت بننے والے ہیلتھ کارڈ کے حصول کیلئے گُڈ لک بیکری و مسجدِ عثمانیہ قریب واقع اس مرکز سے فائدہ اُٹھائیں ۔یہ دوروزہ کیمپ کل بھی یعنی 14؍ڈسمبر کو بھی صبح10بجے تا5بجے رہے گا۔اس ہیلتھ کارڈ سے شہر کے پانچ دواخانوں اور بیرون شہر کے 17دواخانوں میں علاج کیا جاسکتا ہے ۔***
انسدادِمرض فیل پا (ہاتھی پاؤں)بیداری کے لیے اُردو بیانر
بیدر۔13؍ڈسمبر۔(فکروخبر/محمدامین نوازبیدر)۔جناب محمد امیرالدین صدر یاران ادب بیدر ، جناب محمد یوسف رحیم بیدری سکریٹری یاران ادب بیدر اور محترمہ رخسانہ نازنین سکریڑی بزمِ غزالاں بیدر نے ایک صحافتی نوٹ جاری کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر پی سی جعفر ، انچارج سی ای اوضلع پنچایت بیدر جناب ڈاکٹر پی سی جعفر، ضلع ہیلتھ افسربیدر، اور دیگر کاشکریہ اداکیاہے کہ انھوں نے انسدادِمرض فیل پا (ہاتھی پاؤں) کے ضمن میں قدیم شہر میں اردو میں بیانرلگواکر اس مرض سے بچنے کی تدابیر بتاتے ہوئے ڈی ای سی کی گولیاں کھانے کی صلاح دی ہے۔ اوریہ کام 14ڈسمبر سے شروع ہورہاہے۔ پانچ سال تک بلاناغہ صرف پانچ دفعہ گولیاں کھاکر اس بیماری سے مکمل طورپر بچ سکتے ہیں ۔مذکورہ افراد نے دیگر تنظیموں اور اداروں سے بھی گذارش کی ہے کہ وہ اپنے کاروباری اور تشہیری کام میں اردوکو ترجیح دیں گے تو اس سے اردو کی ترقی ہوگی۔ نئی نسل اردو سے محبت کرے گی ۔یاران ادب اور بزمِ غزالاں کے عہدیداروں نے ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ بھی اس سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے حکومت کی اسکیمات کو اردو زبان میں لوگوں تک پہنچائیں جس سے اردوبولنے والوں کو حکومت کی اسکیمات سے مستفید ہونے میں آسانی ہوگی ۔اور اگر یہ کام وزارت اقلیتی بہبود کے کے ایم ڈی سی اور بی سی ایم دفاتر بھی انجام دیں تو اسکالرشپ اور مختلف اقلیتی اسکیمات کے حصول میں اردواقلیت بیچ کے افراد سے چھٹکارا پائے گی ۔ ***
مجاہد شہید حضرت ٹیپوسُلطان ؒ کی یومِ پیدائش کے تحت ایک عظیم الشان جلسہ کا انعقادجلد
بیدر۔13؍ڈسمبر۔( فکروخبر/محمدامین نوازبیدر)۔انڈین یوتھ ٹیپو فیڈریشن بسواکلیان کی جانب سے مورخہ14؍ڈسمبر بروز پیر بمقام گاندھی چوک بسواکلیان میں آزادی ہند کے پہلے مجاہد شہید حضرت ٹیپوسُلطان ؒ کی یومِ پیدائش کے تحت ایک عظیم الشان جلسہ کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔اس جلسہ کی صدارت مولانا انور اُللہ حسینی افتخاری کریں گے۔اس جلسہ کی خصوصیت یہ ہے کہ اس جلسہ میں حضرت ٹیپو سُلطان شہید ؒ کے پڑ پوتے پرنس آ صف علی شاہ تشریف لارہے ہیں۔مہمانانِ خصوصیت کی حیثیت سے سابق وزیر اعلی کرناٹک مسٹر این دھرم سنگھ ‘ محمد مکرم صالح ایڈوکیٹ بنگلور‘ سید دوالفقار ہاشمی سابق رکن اسمبلی بیدر ‘ سنئیر کانگریسی قائدمسٹر بی نارائین ‘ اور ممتاز مجاہد آزادی ودیا ساگر گرو جی تشریف لارہے ہیں ۔ انڈین یوتھ ٹیپو سُلطان فیڈریشن کا مطالبہ ہے کہ حصرت ٹیپو سُلطان ؒ کے خاندان کے افراد کو کرناٹک میں بسایا جائے ۔ اور شری رنگا پٹن کے انتظامات ان کے خاندان کے سپرد کئے جائیں ۔حضرت ٹیپو سُلطان شہید ؒ کے پڑ پوتے پرنس آصف علی شاہ جیسے ہی سرزمین بسواکلیا ن پہنچے گے انڈین یوتھ ٹیپو فیڈریشن بسواکلیان کی جانب سے سستا پور بنگلہ سے6بجے شام ان کا عظیم الشان استقبالیہ جلوس نکالا جائے گا۔ ***
جامعہ نورالاسلام چٹگوپہ میں ڈپلومہ اِن کمپیوٹرکورس میں داخلوں کا آغاز
بیدر۔13؍ڈسمبر۔(فکروخبر/محمدامین نوازبیدر)۔مولانا محمد تصدق ندوی مہتمم جامعہ نورالاسلام چٹگوپہ کی اطلاع کے بموجب قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی (وزارت ترقی انسانی وسائل حکومت ہند ) کی جانب سے جامعہ نورالاسلام چٹگوپہ میں ڈپلومہ اِن کمپیوٹرکورس جوایک سال پر مشتمل ہے اس سال جنوری سیشن 2015 کیلئے داخلوں کا آغاز ہوچکا ہے جس کے لئے تعلیمی قابلیت کم از کم دسویں جماعت(SSLC)کامیاب ہو،یہ کورس عصر حاضر کی ضرورت اور روزگار سے مربوط ہے جس میں مائیکروسافٹ آفس، انفارمیشن ٹکنالوجی ، بزنس سسٹم، ویب اپلیکیشن ڈیولپمینٹ ، ملٹی لنگویل ڈی ٹی پی ، کے علاوہ پروجکٹ ورک بھی شامل ہے کورس کی تکمیل کے بعد ایک جونیر پروگرامربہترین، ڈی ٹی پی آپریٹر ، لیب ڈیمانسٹریٹر، اکاؤنٹس آپریٹر ، آفس اسسٹنٹ ، اردو ، انگلش ڈی ٹی پی آپریٹر کے ماہرین بن سکتے ہیں۔ اور اسی مناسبت سے روزگار کے مواقع حاصل کرسکتے ہیں، یہاں کے فارغ طلباء ملک ہی نہیں بیرون ملک میں بہترین روزگار پر فائز ہیں کورس کی تکمیل پر حکومت ہند کی جانب سے سرٹیفکٹ بھی دی جاتی ہے جس کی مسلمہ حیثیت ہے داخلہ کے لئے کسی قسم کا ڈونیشن (Donation) نہیں ہے نصابی کتب(Sylebus) مفت فراہم کی جائیں گی ،بہترین کالج بلڈنگ تمام عصری سہولیات سے آراستہ محنتی اور ماہر لکچررس کی خدمات حاصل ہیں لہٰذا طلباء وطلبات سے گذارش کی ہے کہ اس سنہری موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جلد از جلد داخلہ لینے میں عجلت کریں ۔ نشستیں محدود ہیں ۔داخلہ کی آخری تاریخ 17؍ڈسمبر 2014ہے ،مزید تفصیلات کیلئے :9341245123 - 9341141979 - ۔***
سردیو ں کے پیشِ نظر مساجد میں گرم پانی کا انتظام
بیدر۔13؍ڈسمبر۔(فکروخبر/محمدامین نوازبیدر)۔ ان دِنوں بیدر کا ٹمپریچر انتہائی کم ہوگیاہے۔ جس کی بناپر ضعیفوں اور بیماروں کو تکالیف کا سامنا ہے۔ سردی بڑھ جانے سے مرض میں تکلیف بڑھ رہی ہے ۔ لیکن آج ہماراموضوع مرض یا بیماری نہیں بلکہ بیدر کی مساجد میں نمازیوں کے لئے گرم پانی کے انتظام سے متعلق ہے۔ شہر میں ماشاء اللہ تقریباً100مساجد ہیں ۔ تاریخی شہر ہونے سے مساجد کی بہتات کوئی تعجب خیز امر نہیں ہے۔ لیکن ان مساجد میں سردیوں میں گرم پانی کاانتظام بالکل نہیں ہے ۔ جس کی وجہ سے بزرگوں اور بیمارحضرات کو گھر سے وضو بناکر آنا پڑتاہے۔ گھر سے وضو بناکر آنے میں ثواب زیادہ ہے تاہم مساجد میں جوسہولتیں دی جاتی ہیں اس کے پیش نظر گرم پانی کا انتظام مساجد میں کرنے کا خیال شاید ہی کسی کو آتاہو۔ ان خوش نصیب لوگوں میں ’’سلیم میاں‘‘ بھی شامل ہیں جنہوں نے یوسف پورہ (نزد کرانتی گنیش بیرون شاہ گنج) کی مسجد بنام مسجد یوسف پورہ میں مصلیان مسجد کے لئے گرم پانی کاانتظام کررکھاہے۔ وہ اپنے گھر سے بکیٹ میں ڈال کر گرم پانی سوائے ظہر کے تمام نمازوں کے لئے لے آتے ہیں جس سے وضو کرکے آدمی خود کو انتہائی سردی میں ہشاش بشاش محسو س کرتاہے۔ سلیم میاں بتاتے ہیں کہ ا سکے لئے ماہانہ 600روپئے کی لائٹ بل آتی ہے لیکن انھیں اس کی پروانہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایاکہ وہ پرلی ویجناتھ (مہاراشٹر) کے رہنے والے ہیں لیکن گذشتہ 30سال سے بیدر میں رہ رہے ہیں ۔ ایک دفعہ وہ رتنم (مہاراشٹر) گئے تھے جہاں انتہائی سردی میں ایک مسجد میں گرم پانی وضو کے لئے حاصل ہواتھاجس کی تقلید میں انھوں نے بیدر میں گذشتہ دوسال سے گرم پانی کاانتظام کررکھاہے۔ سلیم میاں چاہتے ہیں کہ یہ سہولت ان کے لئے اخروی نجات کاباعث بنے۔کیا امید رکھیں کہ مسجد یوسف پورہ کی تقلید کرتے ہوئے دیگر مساجد کی انتظامیہ بھی نمازیوں کے لئے گرم پانی مہیاکرے گی ؟
مسلمانوں میں اصلاح کاکام باقی ہے
بیدر۔13؍ڈسمبر۔(فکروخبر/محمدامین نوازبیدر)۔عقائد ، عبادت اور تصوف دراصل ایمان ،ا سلام اور احسان کو کہاجاتاہے۔ کیونکہ ایمان یہ ہے کہ اللہ کو ایک ماننا، رسول اللہ کو ماننا، اورعبادت یعنی نماز، روزہ ، حج ، زکوۃ ہی دراصل اسلام ہے اور احسان یہ ہے کہ زندگی کاکوئی کام ہو اسے سنوارنا اور خوبصورت طریقے سے انجام دینا یعنی احکامِ الٰہی کو سچے دل سے قبول کرنا اورعبادت میں خلوص پیدا کرنا ۔ ہمارے اسلاف نے اس اخلاص فی العمل کو ’سلوک‘ اور ’طریقت‘ کانام دیا ہے جس کے معنی ہیں اللہ کی طرف جانے کاراستہ ۔ ان خیالات کا اظہار اقبال الدین انجینئر نے طلباء کے تربیتی ودینی اجتماع سے حدیث قدسی کی تشریح کرتے ہوئے مسجد شاہ خاموشؒ بیدر میں کیا۔ تبدیلئ مذہب کے بارے میں اخبارات اور چینل پرآنے والی خبروں کے بارے میں بتایاکہ دینی جماعتیں مسلمانوں میں اصلاح معاشرہ کاجو کام کررہی ہیں ، اس سے پتہ چلتاہے کہ مزید توسیع اور مسلمانوں میں اصلاح کاکام باقی ہے۔ کیونکہ ہر مسلمان کو اتناتو معلوم ہوناچاہیے کہ ہر کوئی انسان اسلام میں داخل ہوسکتاہے لیکن اپنی مرضی سے اسلام سے خروج نہیں کرسکتا۔ نبی کریم ﷺ نے آغاز میں صرف توحید، رسالت اور آخرت پرایمان رکھنے پر لوگوں کو متوجہ کیا جب یہ بات لوگوں کو اچھی طریقہ سے ذہن نشین ہوگئی تودوسرے اعمال پر عمل کرنے کے لئے خود بخود بے چین ہوگیامعراج کے وقت جب نبی کریم ﷺ کو جنت اور جہنم کا نظارہ کرایا گیاتو آپ ﷺ نے بے چین ہوگئے اور اللہ سے اس بات کا وعدہ لینے کی بھرپور کوشش کی کہ میری اُمت میں کسی بھی شخص کو جہنم میں نہ ڈالاجاے۔ اللہ نے Conditional آپﷺ کی درخواست منظور کرلی ۔ کہ جو کوئی شخص مسلمان ہواسے چاہئے کہ وہ مرتدنہ ہو اور میری ذات میں کسی دوسرے کو شریک نہ کرے اور مرتے دم تک اس بات پر بھی قائم رہے تو میں اسے جنت نصیب کروں گا۔ سورہ منافقون میں ہے کہ جو شخص مرتد ہوگا اس کو حوضِ کوثر سے نبی کریم ﷺ کے ہاتھوں پانی پینا نصیب نہ ہوگا۔ اللہ سے دعا ہے کہ آج ہر مسلمان کو کم ازکم اتنا فہم وشعور توضرور عطا فرمائے اور ہرکسی کو مرتد ہونے سے بچائے ہمیں نئے نئے فتنوں سے محفوظ رکھے۔ اور دین کافہم وشعور ہمیں بھی عطا فرمائے اور دوسروں کو سمجھانے کی توفیق بھی ہمیں عطا فرما۔اور ہماری کوتاہیوں کو معاف فرما جس کی وجہ سے ہمیں اخباروں میں ہمار ے ہی بھائیوں کے مرتد ہونے کی خبریں پڑھ رہے ہیں ۔ ہماری زندگی گذارنے کو آسان کردے ۔ ہم پروہ بوجھ نہ ڈال جو تونے ہم سے پہلے کے لوگوں پر ڈالے تھے۔ اورہماری موت ایمان پر کردے۔ ***
مایہ ناز دکنی شاعر جناب سلیمان خطیب کی یاد میں خصوصی پروگرام
بیدر۔13؍ڈسمبر۔(فکروخبر/محمدامین نوازبیدر)۔بیدر۔13؍ڈسمبر۔جناب تمکین خطیب نیو جرسی امریکہ کی اطلاع کے بموجب ملکی و بین الاقوامی سطح پر معروف سرزمینِ دکن کے مایہ ناز دکنی شاعر جناب سلیمان خطیب کی یاد میں ہر سال ادبی پروگرام کا انعقاد عمل میں آتا ہے ‘ اس سال سلور جوبلی کے موقع پر سلیمان خطیب ٹرسٹ کی جانب سے مورخہ27؍ڈسمبربروز ہفتہ بوقت شام 7بجے بمقام ایس ایم پنڈت رنگ مندر پبلک گارڈن گُلبرگہ میں مُختلف پروگرام جس میں تفویض طلائی تمغہ و نقد انعامات‘ سلیمان خطیب صاحب کی کتاب ’’آپ بھی عجیب آدمی ہیں ‘‘کی رسمِ اجراء‘ تقسیم انعامات برائے ادبی و تہذیبی مقابلہ جات‘سلیمان خطیب کے کلام پر مبنی ڈراموں کی پیشکش ہوگی۔ مورخہ 28؍ڈسمبر بروزاتوار بوقت شام7بجے بمقام ایس ایم پنڈت رنگ مندر پبلک گارڈن گُلبرگہ میں سلور جوبلی سال کے موقع پر سلیمان خطیب ٹرسٹ کی جانب سے کُل ہند مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آئے گا۔کُل ہند مشاعرہ میں ملک کے بین الاقوامی شہرت یافتہ اُردو کے مایہ ناز شعراء وسیم بریلوی‘ ندا فاضلی‘ منور رانا‘ راحت اندوری ‘پاپولر میرٹھی‘ مہتاب عالم کے علاوہ گُلبرگہ کے شعراء محب کوثر ‘اکرم نقاش‘ یامین خطیب شرکت کرتے ہوئے منتخب کلام سنائیں گے۔جبکہ نظامت کے فرائض جناب محب کوثر انجام دیں گے۔ جناب متین خطیب اور جناب تسکین خطیب نے باذوق سامعین اور محبانِ اُردو سے شرکت کی خواہش کی ہے ۔
Share this post
