نشریات ادارہ ادب اطفال بھٹکل کی طباعت کا ایک اور ریکارڈ : نونہال اور الصفہ اسکول بھٹکل کے ایک ہزار طلبہ و طالبات نے رمضان پلانر کی  خریداری کی

بھٹکل 23؍ مارچ 2023 (فکروخبرنیوز/پریس ریلیز) ادارہ ادب اطفال بھٹکل کا اشاعتی شعبہ کتاب میلے کے بعد مسلسل سرگرم ہے۔اس شعبہ کے تحت چھپنے والی کتابیں ملک و بیرون میں پہنچ رہی ہیں اور کئی کتابیں اسکولوں اور مدرسوں کے کورس میں بھی شامل کی جارہی ہیں۔

بچوں کی تعلیم و تربیت پر کام کرنے والے ماہرین کی طرف سے نشریات کی کتابوں کو بالکل بچوں کے مزاج کے مطابق مانا جارہا ہے۔

ادارے نے صرف چھے مہینے کی قلیل مدت میں بچوں کے لیے پچیس بہترین اور رنگا رنگ کتابیں شائع کی ہے۔

گزشتہ سال کی طرح امسال بھی رمضان کی مناسبت سے نشریات نے میرا رمضان سے موسوم ایک کتاب کئی ہزار کی تعداد میں شائع کی۔رمضان سے تین دن پہلے چھپنے والی اس کتاب کو ہندوستان بھر میں بھیجا گیا اور الحمدللہ اس کو بے انتہا پسند کیا گیا۔

گزشتہ سال سے مختلف اس سال رمضان پلانر کو پاکٹ سائز میں چھاپا گیا ہے اور اس میں مزید امور کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔

رنگا رنگ صفحات اور پرکشش تزئین اس کتاب کی خوب صورتی میں مزید اضافے کا سبب بن رہی ہے۔

الحمدللہ تین دن سے کم مدت میں رمضان پلانر اب تک چار ہزار کی تعداد میں فروخت کیا جاچکا ہے۔مہاراشٹر کوکن،گجرات اور بنگلور میں اس کی خوب خریداری ہوئی۔

بھٹکل کے اکثر شبینہ مکاتب کے علاوہ بعض اسکولوں کے ذمہ داروں نے طلبہ و طالبات میں اس کتابچہ کو ضروری قرار دے کر اس کی پابندی کرنے والوں کو انعامات کا بھی اعلان کیا۔

ہر موڑ پر ادارہ ادب اطفال بھٹکل کا ساتھ دینے والے دو اہم ادارے نونہال سینٹر اسکول اور الصفہ اسکول میں رمضان پلانر کے ایک ہزار نسخے فروخت ہوئے۔یقینا کسی بھی اشاعتی شعبے کے لیے اس کی بہت بڑی اہمیت ہوتی ہے اور ناشرین کے لیے بے انتہا ہمت افزا بات ہوتی ہے۔ دیگر تعلمی ادارے اس سلسلے میں اقدام کرنے کی کوشش کریں تو نشریات کو مزید آگے بڑھنے کا حوصلہ ملے گا۔

ہمیں امید ہے کہ اس سلسلے میں ادارے کی بھر پور رہنمائی کی جائے گی خصوصا ایڈمیشن کے موقع پر ماہ نامہ "پھول" کو سال بھر کے لیے جاری کرکے بچوں کے اس پسندیدہ رسالے کو مزید کامیاب بنائیں گے۔

Share this post

Loading...