بنگلورو 13؍اپریل2021(فکروخبرنیوز) کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے رمضان المبارک کے آغاز پر ہی ریاستی حکومت نے مساجد کے لیے نئی گائیڈ لائن جاری کیں ہیں جس کے مطابق کنٹنمینٹ زون میں عائد پابندی کے پیشِ نظر وہاں کی مساجد بند رکھی جائیں جبکہ کنٹنمینٹ زون کے حدود میں نہ آنے والی مساجد معمول کے مطابق کھلی رہیں گی۔
مساجد میں سماجی دوری کا لحاظ رکھا جائے اور کم از کم یہ فاصلہ دو میٹر کا ہو اورقیام کے لیے مارکنگ بھی کی جائے۔ اس کے علاوہ بڑی تعداد میں مساجد میں لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی رہے گی۔
مساجد میں تعداد زیادہ ہونے پر ایک سے زائد مرتبہ الگ الگ اماموں کی اقتداء میں نماز ادا کی جائے۔ اسی طرح نمازِ جمعہ کے لیے بھی مختلف اوقات متعین کیے جائیں۔
مکتب، مدرسہ اور مذہبی کلاسیس جو مساجد کے اندر چلتی ہے اس پر پابندی رہے گی۔ افطاری کے لیے بھی مساجد میں جمع ہونے پر پابندی رہے گی۔ عوام سے گذارش کی گئی ہے وہ اپنے اپنے گھروں میں افطار کریں اور صرف نماز کے لیے مساجد آئیں۔ تراویح نماز کے لیے دی گئی ہدایات کے مطابق ادا کرنے کی گذارش کی گئی ہے۔ اور اگر ممکن ہو تو دو جماعت میں ادا کی جائے۔
مصلیوں سے درخواست کی گئی ہے وہ وضو اپنے اپنے گھروں میں کرکے جائیں، ماسک کا ہمیشہ استعمال کریں اور تھرمل اسکریننگ کے بعد ہی مساجد میں داخلہ دیا جائے۔ سردی، کھانسی اور زکام کی علامتیں جن میں پائیں جائیں انہیں مساجد میں نہ آنے دیا جائے۔
مساجد میں بچھائے جانے والی چٹائیاں اور میٹ استعمال کرنے کے بجائے اپنے اپنے گھروں سے مصلیٰ لے کر آئیں۔
آخر میں مساجد کی انتظامیہ سے گذارش کی گئی ہے کہ ان گائیڈ لائن پر سختی سے عمل درآمد کریں اور ہر مسجد میں کوویڈ سیفٹی کمیٹی بھی قائم کریں جو اس گائیڈ پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
ساٹھ سال سے متجاوز عمر کے افراد، اسی طرح حاملہ خواتین اور دس سال سے کم عمر کے بچوں کو گھروں پر ہی رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
Share this post
