بنگلورو 03 جنوری 2023 : سینئر لیڈر اور کانگریس کے ایم ایل سی بی کے ہری پرساد نے رام مندر کے افتتاح کے لیے جانے والوں کی حفاظت کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رام مندر کا افتتاح کوئی مذہبی پروگرام نہیں بلکہ یہ سیاسی پروگرام ہے۔ ابھی وشوا گرو اور امت شاہ کا مذہب کوئی نہیں جانتا ہے۔ اس کا افتتاح کوئی گرو نہیں بلکہ وشوا گرو کررہا ہے ، اگر یہ کوئی مذہبی تقریب ہوتی تو ہم سب اس میں شریک ہوتے۔
بی کے ہری پرساد نے بڑی بات کہتے ہوئے سبھوں کو سوچنے پر مجبور کیا۔ انہوں نے گجرات کے گودھرا واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسی طرح کا واقعہ کرناٹک میں بھی دہرائے جانے کے امکانات ہیں اور ریاستی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں ایودھیا جانے والوں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔
میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ہری پرساد نے بدھ کو کہا کہ مختلف ریاستوں سے ان کے پاس موجود اطلاعات کے مطابق کرناٹک میں گودھرا جیسا واقعہ پیش آ سکتا ہے۔ یہاں کی حکومت کو ذمہ داری لینا چاہئے اور ایودھیا جانے والوں کو تحفظ فراہم کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا۔کرناٹک ریاست میں بہت زیادہ چوکسی ہونی چاہیے۔ ایسے ہی حالات میں گودھرا کا واقعہ گجرات میں پیش آیا۔ یہاں بھی اسی طرح کے واقعے کو دہرانے کی کوشش کی گئی ہے۔ سیکورٹی کو مزید سخت کیا جائے۔ ہم یہاں گودھرا جیسا واقعہ نہیں دیکھنا چاہتے۔ یہ میرا ذاتی بیان ہے اور اس سلسلے میں کانگریس پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ہری پرساد کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی لیڈروں نے ان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
گودھرا ٹرین کو جلانے کا واقعہ 27 فروری 2002 کی صبح پیش آیا جب ایودھیا سے واپس آنے والے 59 ہندو یاتری اور کار سیوک گجرات کے گودھرا ریلوے اسٹیشن کے قریب سابرمتی ایکسپریس کے اندر آگ لگنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔
گودھرا واقعہ کے بعد فسادات کے واقعات میں تقریباً 2000 لوگ مارے گئے تھے۔
Share this post
