بھٹکل 06؍جولائی 2024(فکروخبرنیوز) امسال کا تعلیمی ایوارڈ پروگرام 16 جولائی کو انجمن آباد میں منعقد ہونے جارہا ہے۔ اس بات کی جانکاری رابطہ سوسائٹی کے جنرل سکریٹری جناب عتیق الرحمن منیری نے دی ہے۔ انہوں نے اس کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ امسال کا یہ ایوارڈ پروگرام دو نشستوں پر مشتمل ہوگا۔ پہلی نشست صبح دس بجے سے دوپہر ایک بجے تک اور دوسری نشست شام ساڑھے چار سے شام سات بجے تک چلے گا۔ پروگرام میں بطورِ مہمانِ خصوصی آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ترجمان اور ملک کی مشہور شخصیت مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی صاحب تشریف لارہے ہیں۔ ان کے ساتھ ساتھ وزیرماہی گیری برائے حکومتِ کرناٹک ، انچارج منسٹر ضلع اترکنڑا اور بھٹکل ایم ایل اے جناب منکال وائیدیا بھی موجود رہیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گذشتہ تیس سالوں سے جاری رابطہ ایوارڈ پروگراموں سے یہاں کے طلبہ وطالبات کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کا ایک حوصلہ ملا ہے اور اس کے لیے خلیج میں مقیم بھٹکلی احباب اپنا بھرپور تعاون پیش کررہے ہیں اورہمارے نونہالوں کو تعلیمی میدان میں ترقی کرنے کے مواقع فراہم کررہے ہیں۔ امسال کل دسویں اور اس سے اوپر کے درجات میں نمایاں نمبرات سے کامیاب ہونے والوں کے درمیان کل 35 ایوارڈ تقسیم کیے جائیں گے۔ جناب عتیق الرحمن منیری نے یہ بھی بتایا کہ ان ایوارڈ پروگراموں سے نہ صرف نونہالوں کو بلکہ ان کے والدین اور اساتذہ ومعلمات کوبھی حوصلے ملتے ہیں۔ انہوں نے بھٹکل کی عوام سے اس پروگرام میں شرکت کو یقینی بناتے ہوئے اسے کامیابی سے ہمکنار کرنے کی بھی گذارش کی ہے۔
Share this post
