بھٹکل : رابطہ ایوارڈ کا شاندار پروگرام ،  نمایاں نمبرات سے کامیاب ہونے والوں کے درمیان تقسیم کیے گئے گولڈ میڈل اور مومنٹو

ہندوستان میں مسلمانوں کا تعلیمی تناسب افسوسناک ، مسلمان اپنی تقریبات کے بجائے تعلیم پر خرچ کریں : مولانا فضل الرحیم مجددی ندوی

بھٹکل 30؍ جولائی 2023 (فکروخبرنیوز) رابطہ تعلیمی ایوارڈ 2023 کا شاندار پروگرام آج تعلقہ اسٹیڈیم نوائط کالونی (وائی ایم ایس اے گراؤنڈ) میں منعقدہوا جس میں نمایاں نمبرات سے کامیابی حاصل کرنے والے بھٹکل کے ملی اسکولوں کے طلبہ وطالبات کے ساتھ ساتھ بیرونِ بھٹکل اندرونِ ہند اور بیرونِ ہند کے بھٹکل سے تعلق رکھنے والے طلبہ وطالبات کے درمیان انعامات تقسیم کیے گئے۔ پروگرام کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے ہوا اور اس کی آخری نشست بعد عصر منعقد کی گئی ۔

مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت فرما آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا فضل الرحیم مجددی ندوی نے اپنے کلیدی خطاب میں حکومتِ ہند کی تعلیمی رپورٹ کی روشنی میں مسلمانوں کا تعلیمی تناسب تفصیل سے پیش کیا جس سے یہ بات کھل کر سامنے آئی کہ مسلمان تعلیمی میدان میں پسماندہ طبقات سے بھی نیچے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا حالیہ تعلیمی تناسب دیکھ کر اندازہ ہورہا ہے مسلمانوں کو اس سے اوپر اٹھنے کے لیے کئی دہائیاں لگ جائیں گی۔ انہوں نے بھٹکل کے مسلمانوں کے تعلیمی تناسب پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھٹکل کے مسلمانوں کو اب پورے ہندوستان کی تعلیمی میدان میں فکر کرنی چاہیے۔ یہاں کے لوگ کئی حیثیوں سے دوسروں سے آگے ہیں۔ مولانا نے اپنے بیان میں سچر کمیٹی رپورٹ ، رنگناتھ مشرا رپورٹ اور دیگر کئی رپورٹوں کے حوالے سے کہا کہ مسلمانوں کے تعلیمی میدان سے پیچھے رہنے کی کئی ایک وجوہات میں ایک وجہ غربت اور دوسری وجہ تعلیم کو تجارت بنانا ہے۔ مولانا نے اس بات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان اپنی تقریبات پر قرضے لے کر خرچ کررہے ہیں ۔ یہ رقم اگر تعلیمی میدان میں خرچ ہوگی تو بہت کچھ قوم کا بھلا ہوسکتا ہے۔

صبح کی نشست میں قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی اور قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے بھی اپنے خیالات کے اظہار کے دوران تعلیمی ترقی پر زور دیا۔

استقبالیہ کلمات اور مہمانِ خصوصی مولانا فضل الرحیم مجددی ندوی کا تعارف فکروخبر کے ایڈیٹر انچیف مولانا سید ہاشم نظام ندوی نے پیش کیا جس میں مولانا کی خدمات کے ساتھ ساتھ قوم کے لیے اپنی گرانقدر پیش کرنے والے خلیج کونسل سے جڑے افراد کی خدمات پر بھی روشنی ڈالی۔

رابطہ کا تعارف اور اس کی خدمات پر سکریٹری جنرل ڈاکٹر عتیق الرحمن منیری نے روشنی ڈالی۔

امسال بیسٹ اسکول کا ایوارڈ نونہال سینٹرل اسکول کے نام رہا جبکہ پی یو سی ، ڈگری اور ماسٹر ڈگری میں نمایاں نمبرات سے کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کے درمیان گولڈ میڈل اور مومنٹو تقسیم کیے گئے۔

Share this post

Loading...