محنت،جذبہ اور لگن طلباء کو کامیابی کے اعلیٰ مناصب پر فائز کرتے ہیں : انجمن اسلام ممبئی کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی کا خطاب
بھٹکل 02/ اگست 2019(فکروخبر نیوز) تعلیمی میدان میں جس قدر آپ کی کوششیں رہیں گی اسی حساب سے آپ آگے بڑھتے جائیں گے، ہر کامیاب انسان کے پیچھے اس کی محنت، جذبہ اور اس کا لگاؤ کارفرما ہوتا ہے۔ آپ کا ہر سال گذشتہ سالوں کے مقابلہ میں بہتر اور کامیاب ہونا چاہیے۔ ان باتوں کا اظہار انجمن اسلام ممبئی کے صدر جناب ڈاکٹر ظہیر قاضی نے کیا۔ موصوف رابطہ سوسائٹی بھٹکل کی جانب سے انجمن گراؤنڈ میں منعقدہ رابطہ ایوارڈ پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔یاد رہے کہ رابطہ سوسائٹی بھٹکل کی جانب سے تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ایوراڈ سے نوازا جاتا ہے اور انہیں ایوراڈس کی تقسیم کے لیے یہ پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔
موصوف نے ملت کے ایک اہم مسئلہ کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے کہاکہ موجودہ دور میں لڑکوں کے مقابلہ میں لڑکیاں ہر میدان میں آگے بڑھ رہیں ہیں جو کہ ایک اچھی بات ہے لیکن لڑکوں کا ان سے پیچھا رہنا یہ غوروفکر کا پہلو ہے جس کو ہمیں سنجیدگی سے لیتے ہوئے اس میدان میں کام کرنے کی ضرو رت ہے۔ انہوں نے تعلیمی میدان میں آگے بڑھ کر ترقی کے منازل طئے کرنے والوں کی مثالیں پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے حصول اور کامیاب انسان بننے کے لے اصل جذبہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ مراحل کا ایک دور ہوتا ہے جو کسی طرح مکمل ہوجاتا ہے، آپ کا جذبہ صحیح اور مقصد بلند ہو تو آپ کو ناامید ہوئے بغیر کامیابی کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اسی ملک کے ان نوجوانوں کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں جن کے ذریعہ سے نہ صرف ہمارا ملک فائدہ اٹھارہا ہے بلکہ دنیا کے مختلف گوشوں میں بھی لوگ اس سے مستفید ہورہے ہیں اور وہ بڑی بڑی کمپنیوں کے مالک بن کر لوگوں کے لیے قابلِ تقلید بنے ہوئے ہیں حالانکہ ان کے شروعاتی تعلیمی دور کو جاننے پر ہمیں حیرت ہوگی اور ہمارے رونگٹے کھڑے ہوجائیں گے۔ جن حالات میں انہوں نے اپنے تعلیمی مراحل مکمل کیے اس سے گذرنا آسان کام نہیں تھا۔ لیکن ان کے اندر پنہاں جذبہ نے انہیں بلندی کے اس مقام تک پہنچایا اورکامیابی نے ان کے قدم چوم لیے۔ موصوف نے بھٹکل کے دینی ماحول اور دار القضاء کی سرگرمیوں پر بھی اپنی خوشی کا اظہار کیا، اسی طرح رابطہ سوسائٹی کی خدمات کی بھی ستائش کی۔
حال ہی میں وطن کے لیے دی جانے والی خدمات پر صدر جمہوریہ ایوارڈ حاصل کرنے والے بھٹکل سب ڈویژن کے ڈی وائی ایس پی ویلائن ٹائن ڈیسوزا کو رابطہ کی جانب سے تہنیت کرتے ہوئی ان کی شال پوشی کی گئی اور ان کی خدمت میں اس امید کے ساتھ مومنٹو پیش کیا گیا کہ وطن کے لیے ان کی خدمات جاری رہیں گی۔ اپنے تأثرا ت کے اظہار ڈی وائی ایس پی نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام کے انعقاد سے طلباء کے اندر تعلیمی شوق پیدا ہورہا ہے اور یہ کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔ ایک وہ دور تھا جب آگے بڑھنے والوں کی ستائش نہیں کی جاتی ہے اور نہ ان کی ہمت افزائی کے لیے اس طرح کے پروگرامات منعقد کیے جاتے ہیں۔ اب جبکہ اس طرح کے پروگرامات منعقد کیے جارہے ہیں طلباء کو ان مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کے جذبہ کے ساتھ تعلیمی میدان میں ترقی کرنی چاہیے۔ انہوں نے طلباء کو محنت کے ساتھ آگے بڑھنے کی نصیحت کرتے ہوئے کامیاب انسان بننے کی ترغیب دلائی۔ اور بری عادتوں سے اجتناب کرتے ہوئے والدین سے بھی درخواست کی کہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور ان کی دلچسپی والے میدان میں انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرائیں۔ انہوں نے اس بات پر اہلیانِ بھٹکل کی تعریف کی کہ یہاں لوگوں میں ایک دوسرے کو آگے بڑھانے کا جذبہ ہے اور میری ان کامیابیوں کے پیچھے یہاں کے لوگوں کی ہمت افزائی کا بھی خاص دخل ہے۔ انہو ں نے رابطہ کے ذمہ داروں کے ساتھ اپنے تعلقات کی بات کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً بیس سال سے ان کے ساتھ میرے گہرے مراسم رہے ہیں۔ رابطہ کا مقصد ہی طلباء کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھانے کے لیے کوششیں کرنا اور غریبوں اور نادار افراد کی مدد کرنا ہے اور مجھے بھی ان کاموں میں خصوصی دلچسپی ہے۔
اسی اجلاس میں قومِ نوائط کے ایک ایک قابلِ فخر فرزند انجمن حامیئ مسلمین بھٹکل کے موجودہ صدر جناب عبدالرحیم جوکاکو صاحب کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے ان کی خدمت میں سپاس نامہ بھی پیش کیا گیا۔
پروگرام کی صدارت کررہے رابطہ سوسائٹی بھٹکل کے صدر جناب زاہد رکن الدین نے کہا کہ ہمیں ناامید نہیں ہونا چاہیے اور یہ بات زندگی کے شعبہ میں یاد رکھنی چاہیے کہ اس دنیا میں کوئی بھی چیزنا ممکن نہیں ہے۔انہوں نے اہم بات بتاتے ہوئے کہا کہ دو لت اور عزت کی صورتوں میں ہمیں عزت والی صورت کو اختیار کرتے ہوئے قوم وملت کی خدمت کو اپنا نصب العین بنانا چاہیے، آج یو پی ایس سی میں جتنی عزت ہے ان کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔ لہذا اس میدان میں بھی ہمارے نونہالوں کو آنے کی ضرورت ہے۔ ملحوظ رہے کہ اجلاس کا آغاز عبداللہ رازی ایس ایم کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ نظامت کے فرائض جناب یوسف برماور اور مولانا تنویر جوشیدی ندوی نے انجام دئیے۔ رابطہ کا مختصراً تعارف کرتے ہوئے جنرل سکریٹری جناب یونس قاضیاصاحب نے کہا کہ بھٹکل کے مسلمانوں میں تعلیمی بیداری، یہاں کے معاشی حالات میں بہتری اور یہاں کے مرکزی اداروں کے ساتھ تعاون اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے کوششیں کرنا رابطہ کے اہم ترین مقاصد میں ہے۔ اسی طرح قدرتی آفات اور دیگر ضروریات کے مواقع پر مذہب وملت کے فرق سے اوپر اٹھ کر انسانیت کے نام پر خدمات انجام دینا بھی اس کے مقاصد میں شامل ہے اور رابطہ سوسائٹی اس کے لیے مسلسل جدوجہد کررہی ہے۔ اس موقع پر اسٹیج پر قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی، نائب قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالعظیم قاضیا ندوی، مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے صدر جناب ایس ایم پرویز صاحب اور دیگر موجود تھے۔ پروگرام میں ایک بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے اسے کامیاب بنایا۔ اجلاس میں ایس ایس ایل سی، پی یو سی اور عا لمیت اور دیگر تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے والوں کے درمیان مہمانانِ خصوصی کے ہاتھوں ایوراڈس سے نوازا گیا۔عثمان حسن میموریل شیلڈ نیو شمس اسکول بھٹکل کے حصہ میں آئی۔ جس کی تفصیلات آفتاب ایم جے نے پیش کی،مغرب کے قریب یہ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔
Share this post
