رام مندر ملک کی ترجیحات میں نہیں ہے : پجاور مٹھ

منگلورو02؍ جون 2018(فکروخبر نیوز) گذشتہ سال کرشنا مٹھ اڈپی میں افطار پارٹی کاانتظام کیے جانے پر اعتراضات میں گھرے پجاور مٹھ سیر وشوا تھیرتا سوامی نے کہا ہے کہ امسال اگر تمام مسلمان راضی ہوں گے تو وہ افطار پارٹی کا انتظام کرنے والے ہیں۔ اس کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپسی بھائی چارگی کے فروغ کے لیے اس طرح کی محفلیں منعقد کی جاتی ہیں۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ این ڈی اے حکومت عوام کی توقعات پر نہیں اتری ہے۔ انہوں نے چند ایک کام تو کیے لیکن بہت سارے ان کے وعدے اب تک وعدے ہی رہے ۔ بیرونی ممالک میں جمع کالا دھن واپس لانے کا وعدہ بھی ان کا پو را نہیں ہوسکا ۔ انہو ں نے رام مندر پر بڑا بیان دیتے ہوئے کہا کہ رام مندر ملک کی ترجیحات میں نہیں ہے۔ حکومت کو اس مسئلہ کے بجائے عوام کو درپیش مسائل پر پہلے توجہ دینی چاہیے اور اس معاملہ میں ہمیں عدالتی فیصلہ کا انتظار کرنا چاہئے ۔ کانگریس مکت نعرہ پر انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے استحکام کے لیے طاقتور اپورزیشن کا ہونا ضروری ہے۔ آپ نے دیکھا کہ انتخابات سے قبل ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنانے والی پارٹیاں اب اقتدار کے لیے کیسے متحد ہوگئیں۔

Share this post

Loading...