بنگلورو: یکم جنوری 2020(فکروخبر نیوز) پورے ملک میں ماہ نومبر اور دسمبر میں پیاز کی اب تک کی تاریخ میں سب سے زیادہ قیمت درج ہوئی۔ ریکارڈ قائم کرنے اور عوام کو پیاز کے آنسو رلانے کے بعد اب کرناٹک کے عوام مارکیٹ میں لال مرچ کی قیمتوں کو سن کر حیران رہ گئے ہیں۔ لال مرچ کی قیمت نے بھی اب تاریخ رقم کردی ہے۔ جنوبی ہند کی ریاستوں میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے بیاڈگی کی لال مرچ پورے ملک میں مشہور ہے او ر یہ مرچ پورے ملک کے علاوہ پڑوسی ممالک کو بھی ایکسپورٹ ہوتی ہے۔ گھر، ہوٹل، ریستوران کے پکوان میں مرچ کا ہونا لازمی ہے۔ ہاویری ضلع کے بیاڈگی شہر میں مرچ کا سب سے بڑا بازار لگتا ہے جہاں ہول سیل بیوپاری اس مارکیٹ سے روزانہ کئی ٹن مرچ خریداکرتے ہیں۔ بیاڈگی کے بین الاقوامی مرچ بازار میں پیر کے دن 49,908تھیلے سوکھی مرچ کاشت کار لائے تھے۔ پیر کے دن بیاڈگی کی بازار میں ڈبی لال مرچ جو سب سے زیادہ مقبول اور معیاری مرچ مانی جاتی ہے وہ فی کوئنٹل 26,099روپئے کا نشانہ پار کرگئی ہے۔ بیاڈگی کی ڈبی مرچ کے تاجروں کا دعویٰ ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ مارکیٹ میں مرچ اتنی زیادہ قیمت پر فروخت ہوئی ہے۔ سرخ لمبی مرچ یہاں 1,289روپئے تا 15,069روپئے اور ڈبی مرچ 2,588تا 26,099روپئے کی قیمت میں اور گنٹور کی مرچ 680روپئے تا 8,599روئے قیمت پر فروخت ہوئی ہے۔ ڈبی مرچ جو سب سے زیادہ استعمال ہوتی ہے، یہ مرچ نے فی کوئنٹل 26ہزار روپئے میں فروخت کا ریکار قائم کا ہے۔ بیاڈگی مرچ بازار ایک بین الاقوامی ہول سیل مرچ بازار ہے۔ پورے ملک اور پڑوسی ممالک کے ہول سیل بیوپاری یہاں بولی لگاکر مرچ خریدا کرتے ہیں۔ گذشتہ سال دسمبر کے مہینے میں اس مارکیٹ میں فی کوئنٹل مرچ 15,599روپئے میں فروخت ہوئی تھ جبکہ رواں سال ماہ دسمبر میں یہ مرچ 26,099روپئے میں فروخت ہوئی ہے جو اب تک کا ایک ریکارڈ ہے۔ گذشتہ سال ہوئی بارش اور سیلاب سے مرچ کی فصل برباد ہونے سے مارکیٹ میں سوکھی مرچ کی قیمت میں اتنا زبردست اضافہ ہوا ہے۔
بشکریہ : سالار
Share this post
