بھٹکل 06/ جون 2019(فکروخبر نیوز) پب جی نامی گیم کے خطرناک نقصانات کو دیکھتے ہوئے بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن نے سرپرستوں سے اپنی اولاد کو اس سے دور رکھنے کی نصیحت کی ہے۔ سوشیل میڈیا پر فیڈریشن کی جانب سے ایک تصویر پوسٹ کی گئی ہے جس میں اپنے بچوں کو پب جی کی ہلاکت سے بچانے کی درخواست کی گئی ہے۔ تصویر میں لکھا گیا ہے کہ اپنے بچوں کو پب جی کی ہلاکت سے بچائیں، کہیں آپ کا بچہ پب جی گیم کا عادی تو نہیں؟ کہیں پبجی بن کر موت کا سوداگر آپ کے بچوں کے اطراف منڈلاتو نہیں رہا ہے؟ دنیا میں ہر دن سیکڑوں ہلاکتیں پب جی کی وجہ سے ہورہی ہیں۔ پبجی کا دوسرا نام موت ہے، تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے بڑے او رچھوٹے شہروں میں کئی بچوں نے اپنے گھر والوں کو ہلاک کردیا۔ وجہ صرف یہ تھی کہ گھر والوں نے ان کو پب جی کھیلتے وقت ڈسٹرپ کردیا تھا۔ اگر آپ کو اپنے بچوں کی جان پیاری ہے تو اس خطرناک گیم سے اپنے بچوں کو بچائیں۔ بعد میں پچھتانے اور کف افسوس ملنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ اس بری بلا سے بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن آپ کو ساؤدھان اور آگاہ کرتا ہے۔ اس تحریر کے بعد کنڑا میں بھی اس طرح کی تحریر لکھتے ہوئے اپنے بچوں کو اس گیم سے دور ر کھنے کی درخواست کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ پب جی نامی گیم کے ہندوستان میں متعارف ہونے کے بعد اس گیم کو کھیلنے والوں کی تعداد ہزاروں میں نہیں بلکہ لاکھوں کی تعداد میں پہنچ گئی تھی اور اب بھی اس خطرناک گیم کھیلنے والوں کی تعداد کروڑوں میں ہے۔ اس گیم کے مضر اثرات پڑنے کی وجہ سے سینکڑوں بچوں کا مستقبل داؤ پر لگ چکا ہے۔
Share this post
