بنگلورو 08؍ اپریل 2019(فکروخبر نیوز) مذہبی پروگرام میں راہل اور مودی کی حمایت میں نعرے لگنے کے بعد پروگرام میں کچھ دیر کے لیے افراتفری کا ماحول رہا۔ کانگریسیوں کا الزام ہے کہ مشہور سماجی کارکن چکراورتی سولی بیل نے مندرکے احاطہ میں مذہبی پروگرام کے دوران انتخابی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چکراورتی ووٹ مانگنے کے لیے آیا تھا ۔ جیسے ہی اس نے اپنے تقریر شروع کی تو کانگریسیوں نے راہل کے حق میں نعرے لگانے شروع کردئیے۔ اس کے جواب میں بی جے پی کارکنان نے مودی مودی کے نعرے لگائے جس سے پروگرام میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ بعض لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ مذہبی پروگرام تھا نہ کہ سیاسی اور دونوں پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے نعرے بازی کرکے پروگرام میں خلل ڈالا۔ منتظمین نے انہیں روکنے کی کوشش کی اور نعرے بازی نہ کرنے کی درخواست بھی کی لیکن حالات بگڑتے چلے گئے جس کے بعد پولیس نے مداخلت کی ۔چکراورتی کا کہنا ہے کہ انہوں نے صرف ملک کے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا تھا ، اور کسی امیدوار کے حق میں کوئی بات نہیں کہی تھی۔ خبر ملتے ہی الیکشن آبزورور بھی پہنچے اور انہوں نے بھی حالات کا جائزہ لیا۔ اس کے بعد سولے بیل کو وہاں سے لوٹنا پڑا۔
Share this post
