پولیس تھانہ سے دھوکہ دہی معاملہ کے دستاویزات غائب

بنگلورو 28/ اپریل 2019(فکروخبر نیوز)  دھوکہ دہی معاملہ کے اہم دستاویزات کبن پارک پولیس تھانہ سے پر اسرار طو رپر غائب ہونے کا واقعہ یہاں منظر عام پر آیا ہے۔ اس سلسلہ میں کبن پارک پولیس تھانہ کے انسپکٹر ایانا ریڈی نے معاملہ بھی درج کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسی سال جنوری میں کبن پارک پولیس نے منیپال ایجوکیشن اور میڈیکل گروپ (ایم ای ایم جی) کے 62کروڑ روپئے غبن کے الزام میں چار افراد کو حراست میں لیا تھا۔ اس سلسلہ میں پولیس نے ایک چارج شیٹ بھی تیار کی تھی جو تقریباً تین ہزار صفحات پر مشتمل تھی، انسپکٹر ایانا کے مطابق کرن کمار نامی ایک کانسٹیبل پر شک کی سوئی جارہی ہے جس کو تحقیقات کے دوران شامل کیا گیا تھا۔ انسپکٹر نے یہ کہتے ہوئے معاملہ درج کرلیا ہے کہ کرن کمار اس سلسلہ میں کوئی صفائی نہیں دے رہا ہے۔ پولیس نے غبن کے معاملہ میں ایم ای ایم جے کے جنرل منیجر سندیپ گروراج (38) اس کی بیوی چاروسمیتھا (30) میرا چنگپا (59) اور اس کی بیٹی امریتا چنگپا (32) کو گرفتار کرلیا ہے۔ایک مشتبہ ملزم جس کی شناخت وشال سومانا کی حیثیت سے کرلی گئی ہے فرار بتایا جارہا ہے۔ پولیس اس پورے معاملہ کی جا نچ کررہی ہے۔ 

Share this post

Loading...