بنگلور : یکم مئی 2018(فکروخبرنیوز) انتخابی تشہیر کے پہلے ہی دورے میں وزیر اعظم نریندرمودی نے جے ڈی ایس سربراہ دیوے گوڑا کی تعریف میں پل باندھے۔انہوں نے کہا کہ میں ان کی بہت عزت کرتا ہوں ۔ وہ اس مٹی کے بیٹے ہیں اور ہمیشہ ان کی عزت کرتا آرہا ہوں ۔ جب انہوں نے مجھ سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تو مجھے بہت خوشی ہوئی جب وہ جانے لگے تو میں ان کو چھوڑنے کے لیے ان کے کار تک گیا۔ وزیر اعظم مودی نے جے ڈی ایس سربراہ کی تعریف میں کانگریس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی اور دیگر کانگریسی لیڈران سینئر جے ڈی ایس رہنما کی عزت نہیں کرتے ہیں۔ ملحوظ رہے کہ جے ڈی ایس بھی کرناٹکا انتخابات میں کانگریس کی مخالف ہے۔ مودی نے اسی بات کو لیتے ہوئے صرف راہل گاندھی اور سدارامیا کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ وھاٹس اپ پر وائرل ہورہے کئی تصاویر سے بھی لگ رہا ہے کہ اس مرتبہ جے ڈی ایس بی جے پی کا ساتھ دینے والی ہے لیکن حتمی طور پر اس کا اعلان نہیں ہوا ہے۔ پی ایم مودی کا صرف کانگریس کو نشانہ بنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت بنانے میں بی جے پی جے ڈی ایس کا تعاون حاصل کرسکتی ہے لیکن حتمی طور پر یہ کہنا وقت سے پہلے ہوگا۔
Share this post
