گلبرگہ:06مارچ2019۰(فکروخبر/ذرائع)آج وزیراعظم مودی نے کرناٹک کا دورہ کیا اس دوران وزیر اعظم نے کئی منصوبوں کا افتتاح کیا اور کئی پروجیکٹ کی سنگ بنیاد رکھی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کرناٹک کی مخلوط حکومت کو کسان دشمن اور کمزور حکومت قرار دیا۔ ساتھ ہی ساتھ وزیر اعلیٰ کمارسوامی کو ریموٹ کنٹرول سی ایم بتایا۔ گلبرگہ میں این وی گراؤنڈ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اپوزیشن مودی ہٹاؤ کا نعرہ لگا رہی ہے تو وہ دہشت گردی ہٹاؤ کے مشن پر کام کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم مودی کا گلبرگہ میں این وی گراؤنڈ پر منعقدہ عوامی جلسے میں شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے اپنی حکومت کی مختصر کارکردگی بھی پیش کی۔وزیر اعظم کے خطاب کا بیشتر حصہ کسانوں پر رہا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مرکزی حکومت ملک بھر میں کسانوں کو پینشن فراہم کر ر ہی ہے ، لیکن کرناٹک کی کانگریس حکومت نے اب تک مستحق کسانوں کی فہرست مرکز کے حوالے نہیں کی، جس سے ریاستی حکومت کے کسان دشمن ہونے کا پتہ چلتا ہے۔
وزیر اعظم مودی نے کرناٹک کے وزیر اعلی کمار سوامی کو ریموٹ کنٹرول سی ایم قرار دیا اور کانگریس پر کرناٹک کے عوام کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کا الزام عائد کیا۔ وزیر اعظم نے مخلوط حکومت پر وعدہ خلافی کا بھی الزام عائد کیا۔ مودی نے پوچھا کہ انتخابات سے قبل کسانوں کے مکمل قرض معافی کا اعلان کیا گیا تھا، جو کہ ابھی تک پورا نہیں ہوا۔
اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے کسانوں کو مخلوط حکومت کو سبق سکھانے کا بھی مشورہ دیا۔ 40 منٹ کے خطاب کے دوران مودی نے کانگریس سمیت اپوزیشن جماعتوں پر جم کر نشانہ سادھا ۔ مودی نے کہا کہ بد عنوانی پر قابو پانے کی وجہ سے تمام اپوزیشن جماعتیں اک ہی مشن مودی ہٹاؤ کے نعرے پر کام کر رہی ہیں، جبکہ انکا مشن دہشت گردی ہٹاؤ ہے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ وہ ملک سے دہشت گردی، بے روزگاری، غربت کو ہٹانے کیلئے کام کرنے میں جٹے ہوئے ہیں۔ قومی سطح پر اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کو بھی پی ایم نے نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ چند جماعتیں مل کر دہلی میں بھی کرناٹک کی طرح "مجبور سرکار"بنانے کی کوششوں میں لگے ہوئی ہیں۔ مودی نے عوام سے استفسار کیا کہ دہلی میں بھی کیا کرناٹک کی طرح" مجبور سرکار" دیکھنا چاہتے ہیں۔
حیرت انگیز طور پر وزیر اعظم مودی نے اپنی 40 منٹ کے خطاب کے دوران ایک مرتبہ بھی اپنے سیاسی حریف مقامی ایم پی ملک ارجن کھرگے کا ذکر تک نہیں کیا۔ عوامی جلسے پر پہنچنے سے قبل وزیر اعظم نے گلبرگہ میں آیوشمان بھارت کے استفادہ کنندگان سے ملاقات کی۔ ساتھ ہی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کرناٹک کے مختلف مقامات پر ایک ہزار کروڑ کے پروجیکٹس کا سنگ بنیاد و افتتاح کیا۔
Share this post
