وزیر اعظم کا کرناٹک کا بار بار دورہ ، کہیں بی جے پی خوفزدہ تو نہیں؟

بنگلورو 09؍اپریل 2023 (فکروخبرنیوز) کانگریس نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے بار بار جنوبی ریاست کے دورے سے صرف یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کرناٹک میں بی جے پی کتنی کمزور ہے۔ کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ ریاست کے عوام نے بی جے پی حکومت کو گرانے کا فیصلہ کر لیا ہے، اسی لیے بی جے پی کے مرکزی رہنما بار بار ریاست کا دورہ کر رہے ہیں۔

شیوکمار نے کہا کہ نریندر مودی ملک کے وزیر اعظم ہیں، اور وہ جتنی بار چاہیں ریاست میں آ سکتے ہیں۔ لیکن اب وہ انتخابی مہم کے لیے بار بار کرناٹک کا دورہ کر رہے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی ریاست میں کتنی کمزور ہے۔ان تمام کوششوں سے ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی لیڈروں نے پہلے ہی شکست تسلیم کر لی ہے۔ ریاست کے ووٹر ذہین ہیں اور وہ حکومت بدلنے والے ہیں، چاہے کوئی بھی ریاست کا دورہ کرے۔

کانگریس لیڈر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ چونکہ وہ عوام کو اپنی طرف متوجہ نہیں کر پا رہے ہیں، اس لیے بی جے پی کے رہنما فلمی اداکاروں کی مدد لے رہے ہیں۔ شیوکمار نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو کانگریس امیدواروں کے خلاف استعمال کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ پولس بھی بی جے پی کے ایجنٹوں کے طور پر کام کر رہی ہے۔ میں نے ایسے افسران کی فہرست تیار کرنے کو کہا ہے۔ وہ صرف 40 دنوں کے لیے ایسا کر سکتے ہیں۔

Share this post

Loading...