بھٹکل09 مئی 2022(فکرو خبر نیوز) ادارہ ادبِ اطفال کے زیر اہتمام بچوں کے لیے پھول ملن کی شاندار اور خوبصورت تقریب بروز اتواربلال شادی ہال میں منعقد کی گئی جس میں تقریباً دو ہزارکے قریب بچوں نے شرکت کی۔

اس پھول ملن کی کل تین نشستیں منعقد ہوئیں۔
پہلی نشست میں ادارہ ادبِ اطفال کا مختصر تعارف، اس کے قیام کے مقاصد اور بچوں کو اس سے جڑے رہنے کی ترغیب دی گئی۔ کاروانِ اطفال کا ترانہ بھی اس موقع پر پیش کیا گیا۔
اس پروگرام کی تمام تر ذمہ داریاں کاروان کلاسس کے طلبہ نے نہ صرف سنبھالی بلکہ آخر تک اسے مستحسن طریقے پر انجام دیا۔
دوسری نشست بعد مغرب منعقد ہوئیں جس میں ان بچوں کے لیے پر تکلف دعوت کا اہتمام کیا گیا تھا۔
آخری نشست میں چار سائیکل سمیت پچاس سے زائد انعامات تقسیم کیے گئے۔
مہمانان نے اپنے تأثرات میں جس دلی فرحت کا اظہار کیا وہ بیان سے باہر ہے۔ ان ننھے منے بچوں کو دیکھ کر انہوں نے اس بات کی تمنا کی کہ کاش وہ بھی اس عمر کے ہوتے اور اس میں شرکت کرکے انہیں جو خوشی کا موقع ہاتھ سے آتا وہ بڑا یادگار ہوتا۔
اس موقع پر مہمانان میں قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی، ایڈیٹر انچیف فکروخبر مولانا ہاشم نظام ندوی ، بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن منیری اور بھٹکل یوتھ فیڈریشن کے مولانا عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان بچوں کو قوم وملت کا مضبوط مستقبل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی صحیح فکر کے ساتھ تربیت کرنے پر یہی بچے قوم وملت کے لیے مفید سے مفید تر ثابت ہوں گے اور قوم کے معماروں میں ان کا شمار ہوگا۔ انہوں نے ادارہ ادبِ اطفال کے جملہ ذمہ داران کی کوششوں کی سراہنا کرتے ہوئے انہیں مبارکباد بھی پیش کی۔
اس تقریب میں ڈسپلن کا خیال رکھنے والے بچوں کے درمیان بھی انعامات تقسیم کیے گئے۔
تقریب میں شرکت کے لیے شہر کے مختلف علاقوں سے سواری کا بھی نظم کیا گیا تھا۔ شرکت کے لیے بچوں کی قطار بلال شادی ہال سے مکتب نوائط کالونی تک جا پہنچی اور یہ منظر قابلِ دید تھا۔


Share this post

