اپناانگڈی 15 دسمبر 2021 (فکروخبرنیوز/ذرائع) جنوبی کنیرا کے اپناانگڈی پولیس اسٹیشن کے باہر 12 گھنٹے کے طویل احتجاج کے بعد پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے اراکین اور مقامی لوگوں پر جنوبی کنیرا ڈسٹرکٹ پولیس نے لاٹھی چارج کیا جس میں پی ایف آئی کے کئی کارکنان زخمی ہوئے، جن میں سے کچھ کی حالت بہت سنگین بتائی گئی ہے۔ ایک سب انسپکٹر سمیت تین پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ پولیس نے بھیڑ پر لاٹھی چارج کیا جس نے اپناانگڈی پولیس اسٹیشن کا گھیراؤ کیا تھا، اور تین پی ایف آئی ممبران کی رہائی کا مطالبہ کیا جنہیں پولیس نے حراست میں لیا تھا۔ پولیس نےپی ایف آئی کے تین لیڈروں، اپپننگڈی علاقے کے صدر عبدالحمید میجسٹک اور ممبران زکریا اور مصطفیٰ کو 6 ڈسمبر کو پیش آئے قتل کے حالیہ کیس کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔ ہجوم صبح 10 بجے سے پولیس اسٹیشن پر احتجاج کر رہا تھا اور مقامی پولیس کی کوششوں کے باوجود منتشر ہونے سے انکار کر دیا تھا۔ تقریباً رات 9:30 بجے، پولیس کو ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کا سہارا لینا پڑا۔ پولیس کے حملے میں کم از کم 10 مظاہرین شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس کا ایک سب انسپکٹر بھی زخمی ہوا۔اپناانگڈی ٹاؤن میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ حمید میجسٹک کو چند شرائط کے ساتھ رہا کیا گیا جبکہ زکریا اور مصطفیٰ کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔
مسلم مرر کے ان پٹ کے ساتھ
Share this post
