بنگلورو 18؍ اکتوبر2021(فکروخبرنیوز/ذرائع) لاری مالکان نے دھمکی دی ہے کہ اگر چیف منسٹر بسوراج بومائی نے ڈیزل کی قیمت کم کرنے کے لیے مداخلت نہ کی تو 24 اکتوبر سے غیر معینہ ہڑتال پر چلے جائیں گے۔ جی آر شانموکاپا، صدر کرناٹک فیڈریشن آف لاری اونرز اینڈ ایجنٹس ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں پچھلے سال سے 26 روپے فی لیٹر سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹ انڈسٹری کافی حد تک متأثر ہوئی ہے۔ سیکڑوں پرائیویٹ بس آپریٹرز نے آپریشن تقریبا نصف کر دیا ہے کیونکہ معاشی طور پر انہیں بھاری نقصان اٹھانا پڑرہا ہے اور وہ اس کا بوجھ نہیں اٹھاسکتے۔ ریاست میں تقریبا چھ لاکھ لاریوں میں سے 30 فیصد ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے نہیں چل رہی ہیں۔ کوویڈ 19 کے بعد سے معاشی طور پر وہ بہت زیادہ پریشان ہیں۔ اب ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہم کس طرح انتظام کریں گے؟ ریاستی حکومت اور مرکز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ ایندھن کی قیمتوں میں کمی نہیں کرتے ہیں تو وہ ملک گیر ٹرکوں کی ہڑتال کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے 23 اکتوبرکا وقت دیا ہے۔ جس کے بعد ہم غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا فیصلہ کریں گے۔
Share this post
