ٹیپو جینتی پروگرام کے انعقاد کے سلسلہ میں پیس میٹنگ کا انعقاد ، تنظیم او ربلدیہ نے اس کو عوامی جگہ پر منعقد کرنے کا دیا مشورہ ، کوششیں جاری

بھٹکل 05؍ نومبر 2018(فکروخبر نیوز) شہر میں ٹیپو جینتی منانے کے سلسلہ میں آج  صبح گیارہ بجے پیس میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف تنظیموں کے اہم ذمہ داران نے شرکت کرتے ہوئے مکمل تعاون دلانے کا یقین دلایا۔ تحصیلدار وی این بھاٹکر نے حاضرین کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ بھی ٹیپو جینتی بند ہال میں منعقد کیے جانے کے بارے میں غوروخوض جاری ہے جس پر مجلس اصلاح وتنظیم اور شہری بلدیہ کے ذمہ داران نے اس کو پبلک جگہ پر منعقد کرنے کا مشورہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیپو سلطان کی ملک کے لیے جو خدمات ہے اس سے عوام کو روشناس کرانا ہم سب کا فریضہ ہے ، بند ہال میں اس پروگرام کے انعقاد سے جتنا فائدہ عوام کو ہونا چاہیے اتنا نہیں ہورہا ہے۔ اس لیے انہوں نے مطالبہ کیا کہ تعلقہ اسٹیڈیم میں یہ پروگرام منعقد کیا جائے۔ اس میٹنگ میں اسسٹنٹ کمشنر کی غیر موجودگی کی وجہ سے اس پرکوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا تاہم تحصیلدار نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر سے بات چیت کے بعد ہی اس کو حتمی شکل دی جائے گی۔ بلدیہ کے صدر جناب صادق مٹا نے فکروخبر سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس بات کی پوری کوشش کررہے ہیں کہ ٹیپو جینتی کا یہ پروگرام تعلقہ اسٹیڈیم میں ہی منعقد ہوں اور اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر سے ملاقات کرکے ان سے بھی بات چیت کی جائے گی ۔ تنظیم اور بلدیہ کی مشترکہ کوششوں کی ہر طرف سے ستائش کی جارہی ہے اور عوام ذمہ داروں سے یہ توقع لگائی ہوئی ہے کہ جس طرح ٹیپو جینتی کا پہلا پروگرام پبلک جگہ میں منعقد ہوا تھا اس مرتبہ کا بھی پروگرام پبلک جگہ پر ہی منعقد کیا جائے تو عوامی طور پر اس کے اچھے اثرات دیکھنے کو ملیں گے۔اس موقع پر ڈی وائی ایس پی ویلائنٹائن ڈیسوزا ، تنظیم کے نائب جناب عنایت اللہ گوائی اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔

Share this post

Loading...