پاریکر کا بیان اور گئو رکشکوں کے حملے بی جے پی کے دو متضاد چہرے: ابو عاصم اعظمی ‎

ابوعاصم اعظمی نے اپنے ناندیڑ دورے کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک کے موجودہ حالات پرشدید تشویش کا اظہار کیا ۔ خاص طورپر بیف بین اور گئو رکشا کے نام پر مسلمانوں اور دلتوں پر ہو رہے ظلم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ انہوں نے یہ اندیشہ بھی جتایا کہ ظلم کا یہ سلسلہ رکا نہیں تو مسلمان بھی جوابی کارروائی پر مجبور ہو جائیں گے ۔ وہیں اسلامی مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک کے پاسپورٹ کو منسوخ کرنے پر انہوں نے سوالیہ نشان لگا تے ہوئے حکومت کی نکتہ چینی کی ہے ۔واضح ہو کہ گوا کے چیف منسٹرمنوہر پاریکر نے اسمبلی میں دیئے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گوا میں بیف کی کمی نہیں پڑنے دی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر دیگر ریاستوں سے بیف لایا جائے گا ۔ منوہر پاریکر کے اس بیان اور دوسری طرف ملک میں گئو رکشا کے نام پر ہورہے تشدد کو دو متضاد باتیں بتا کر ابو عاصم اعظمی نے بی جے پی اور آر ایس ایس کو گھیرنے کی کوشش کی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک مخصوص نظریہ کی بالادستی قائم کرنے کی کوششں کی جا رہی ہے ۔ اس کے لئے ہندو اور مسلمانوں میں نفرت پھیلائی جا رہی ہے ۔ ایسے ماحول میں ابوعاصم اعظمی نے مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ وہ دیگرامن پسند طبقات کو ساتھ لیکر قومی یکجہتی کو فروغ دیں تاکہ ملک میں امن و امان قائم رہے ۔

Share this post

Loading...