اب سوالیہ پرچے آن لائن بھیجے جائیں گے
بنگلور 17؍ جون 2018(فکروخبر نیوز) ریاست میں بڑھتے پیپر لیک معاملات سے بچنے کے لیے چند نئی تدابیر اختیار کی گئیں ہیں جس کے بعد ماہرین کا ماننا ہے کہ اب پیپر لیک معاملات منظرعام پر نہیں آئیں گے۔ اطلاعات کے مطابق اس معاملہ میں ماہرین کے ساتھ تبادلۂ خیال کے بعد یہ بات طئے کی گئی ہے کہ سوالیہ پرچے پرنٹ کرکے بھیجنے کے بجائے اب بذریعہ ای میل بھیجے جائیں گے۔اس طریقۂ کار کو آزمانے کے لیے پی سپلی منٹری امتحانات میں دو امتحانی مراکز کا انتخاب کیا گیا جو امتحان 29 جون سے 10جولائی تک چلنے والے ہیں۔ ان دو امتحانی مراکز کو تقریباً دو سے ڈھائی گھنٹہ پہلے سوالیہ پرچے میل کیے جائیں گے۔ ڈی پی یو ای ڈائریکٹر سیکھا کا کہنا ہے کہ سوالیہ پرچے امتحانی مراکز کے چیف افسر کو بھیجے جائیں گے جس کے بعد اس کی فوٹو کاپی کرانے کی ذمہ داری اسی کی ہوگی۔
Share this post
