بی جے پی حکومت آپریشن کنول کی ناجائز اولاد ہے :  سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا

 

بنگلورو 29/ اگست 2019(فکروخبر نیوز/ذرائع)  سابق وزیراعلیٰ سدارامیا نے چہارشنبہ کوقیاس آرائی کی ہے کہ بی ایس ایڈی یوروپا حکومت کا زوال یقینی ہے جس کے باعث ریاست میں وسط مدتی انتخابات کرائے جائیں گے۔ سلسلہ وار ٹویٹر پیغامات میں کانگریس لیجسلیچرپارٹی (سی ایل پی) لیڈر سدارامیا نے کہا کہ بی جے پی حکومت ”آپریشن کنول کی ناجائز اولاد ہے“ واضح رہے کہ آپریشن کنول کانگریس اور جے ڈی ایس کی طرف سے بی جے پی کو نشانہ بنانے کے لیے بنائی گئی اصطلاح ہے جس کے تحت بی جے پی دیگر پارٹیوں کے اراکین اسمبلی کو مستعفی کراکے اور لالچ دے کر اپنی پارٹی میں شامل کرلیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت پیسے کے زور، لالچ اور عہدہ کی آس دلاکر اراکین کو خرید کر بنائی گئی ہے۔ ایڈی یوروپا حکومت کو عوام کی حمایت حاصل نہیں، یہ کبھی بھی گرسکتی ہے اس لیے وسط مدتی انتخابات ناگزیر ہیں۔ ایڈی یوروپا ہفتہ میں تین مرتبہ دہلی کی دوڑ لگاتے ہیں۔ وہ اس قدر بے بس ہیں کہ بی جے پی صدر امیت شاہ کی مرضی کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں لے سکتے۔ یہ بی جے پی کااصل چہرہ ہے۔ جے ڈی ایس کے ساتھ مفاہمت کی کوشش کے طور پر سدارامیا نے کہا کہ ان کی حریف جے ڈی ایس نہیں بلکہ بی جے پی ہے۔ واضح رہے کہ چند دن پہلے ہی جے ڈی ایس سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا نے کہا تھا کہ مخلوط حکومت گرانے کے اصل قصور وار سدارامیا ہیں۔ اس کے جواب میں سدارامیا نے بھی کہا تھا کہ دیوے گوڑا اور ان کے بیٹوں ایچ ڈی کمارا سوامی، ایچ ڈی ریونا حکومت گرانے کے ماہر ہیں۔ سدارامیا نے کہا کہ ہم سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی ہیں۔ ہماری حریف بی جے پی ہے، جے ڈی ایس نہیں۔ ہمیں جے ڈی ایس لیڈدروں سے کوئی عناد نہیں ہے۔ سیکولر پارٹیوں کے لیے دوسری سیکولر پارٹیاں حریف نہیں بلکہ فرقہ پرست پارٹیاں حریف ہوتی ہیں۔ 

(ذرائع :  ایس این بی) 

Share this post

Loading...