بنگلورو 13 مئی 2024 (فکروخبرنیوز) لوک سبھا انتخابات کے مراحل جیسے جیسے مکمل ہوتے جارہے ہیں وہیں بیان بازی کے سلسلے بھی دراز ہوتے جارہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سدارامیا نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی قائدین آپریشن کنول کا سہارا لینے اور کانگریس حکومت کو گرانے کی بات کرنے کا خواب دیکھ رہے ہیں جبکہ انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ نریندر مودی کی قیادت والی این ڈی اے شکست کو دیکھ رہی ہیں۔ کرناٹک میں اب آپریشن کنول اس وجہ سے ممکن نہیں ہے کہ ہمارا کوئی بھی قانون ساز ممبر فروخت نہیں ہوگا۔
سدارامیا نے کہا کہ گذشتہ ایک سال سے بی جے پی لیڈران آپریشن کنول کے خواب دیکھ رہے ہیں اور ان کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہورہی ہے۔
سدارامیا نے دعویٰ کیا کہ گریجویٹ اور ٹیچرس حلقوں سے ریاستی قانون ساز کونسل کے انتخابات میں کانگریس کے چھ امیدوار بھاری اکثریت سے جیتیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں کانگریس کے تمام رہنما متحد ہیں اور کونسل کے انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لیے کام کر رہے ہیں۔
Share this post
