بنگلورو 09 جنوری 2021 [فکروخبر نیوز/ ذرائع) پڑوسی ریاست کیرالہ اور کچھ دیگر ریاستوں میں برڈ فلو کے معاملات کی اطلاع ملنے کے بعد مرغی اور انڈوں کے استعمال سے متعلق کسی بھی خدشے کو ختم کرنے کی کوشش میں کرناٹک حکومت نے جمعہ کو واضح کیا کہ اس میں کوئی پابندی نہیں ہے۔
وزیر مویشی پربھو چوہان نے کہا کہ اس موقع پر جائزہ لینے کے لئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کی صدارت کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ جانوروں کی مصنوعات کی فروخت پرکوئی پابندی نہیں ہے اور لوگ انہیں کسی بھی قسم کی پریشانی کے بغیر کھا سکتے ہیں۔"
چوہان نے مزید بتایا کہ مناسب احتیاطی اقدامات کیے جارہے ہیں اور کرناٹک میں برڈ فلو کا کوئی واقعہ سامنے نہیں آیا ہے۔ وزیر کی طرف سے یہ بیان داونگیری اور چتردرگا سمیت کچھ مقامات پر مرغی کی قیمتوں میں زبردست کمی کے بعد سامنے آیا ہے۔ برڈ فلو کے خوف کی وجہ سے انڈوں سمیت مرغی کی مصنوعات کی طلب میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
وزیر نے کہا کہ کیرالا سے پولٹری کی مصنوعات کے علاوہ کرناٹک نے کسی بھی دوسری ریاست سے پولٹری کی مصنوعات کی نقل و حمل پر پابندی عائد نہیں کی ہے۔ ریاست نے کیرالا سے پولٹری کی مصنوعات کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے اور ریاست بھر میں خصوصا سرحدی اضلاع میں بھی ہائی الرٹ لگائی ہے۔
Share this post
