بھٹکل 31/ مئی 2020(فکروخبر نیوز) شہر کے تعلقہ سرکاری اسپتال میں آج ایک تہنیتی اجلاس منعقد کرتے ہوئے جناب نثار رکن الدین صاحب کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے ان کی شال پوشی کی گئی اور انہیں سرٹیفکٹ سے نوازا گیا۔
اسپتال عملہ کی جانب سے منعقد اس اجلاس میں میڈیکل افسر سمیت دیگر اسٹاف اور نرسیس نے بھی شرکت کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور کورونا وائرس کی وبا بھٹکل میں پھیلنے کے بعد جس طرح سے انہوں نے اپنی خدمات انجام دی ہیں اس کی ستائش کی گئی۔
جناب نثار رکن الدین بھٹکل کے معروف سماجی کارکن ہیں،ہندوستان میں کو رو نا وائرس کے بڑھتے معاملات کے دوران جب بھٹکل میں اس سے نمٹنے کے لیے تیاریاں کی جارہی تھیں تو تعلقہ اسپتال میں انہو ں نے اپنی خدمات پیش کیں۔ اس کے بعد بھٹکل میں ایک وقت وہ بھی آیا جب یہاں پر تیزی کے ساتھ کورونا کے معاملات بڑھتے چلے گئے اور لوگ گھروں سے باہر نکلنے میں خوف محسوس کرنے لگے۔ اس وقت جناب نثار رکن الدین نے تعلقہ اسپتال میں حاضر رہ کر بے مثال خدمات انجام دیں۔ مریضوں کو کاروار بھیجنے کا معاملہ ہو یا مریض کے رابطہ میں آنے والوں کے لئے کورنٹائن کا مسئلہ۔ جناب نثار رکن الدین نے بڑھ چڑھ کر اپنی خدمات پیش کیں۔ جس سے خوش ہوکر اسپتال عملہ کی جانب سے ان کی تہنیت کرتے ہوئے ان کی خدمات کی سراہنا کی گئی۔
Share this post
