نوائطی کی بورڈ اور ہیریٹیج ولیج کا منصوبہ جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ضرورت: نوائط محفل گیت مظاہرہ میں جناب عبدالرحمن محتشم کا خطاب

بھٹکل 03؍ جنوری2021(فکروخبرنیوز) نوائط محفل کی جانب سے سنیچر کی رات نوائطی گیت مظاہرہ کا انعقاد باب البحرین میں کیا گیا جس میں مختلف شعراء کے کلام کو دلنشیں آواز میں بچوں اور نوجوانوں نے پیش کیا  جس سے سامعین خوب محظوظ ہوئے۔ مختلف شعراء کے اس کلام میں نوائطی تہذیب وثقافت کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی تو بعض میں معاشرہ کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھتے ہوئے اللہ کی طرف لوٹ کر آنے کی بھی صدا لگائی گئی ہے۔

   مختلف بچوں نے اپنے بہترین انداز میں نظمیں پیش کرکے واقعی کلام کی اہمیت بڑھادی اور سامعین پر ایک اثر بھی طاری ہوگیا۔ نظمیں پیش کرنے والے ان بچوں کو انعامات سے نوازا گیا۔ اس دوران جناب عبدالعلیم شاہین نے‘‘یا گاوانت یا’’کے عنوان کے تحت بڑی اچھی نظم پیش کی جس پر انہیں خوب دادِ تحسین ملی۔ 
 اس موقع صدارت کررہے نوائط محفل کے اہم ذمہ دار جناب محتشم عبدالرحمن جان صاحب نے کہا کہ آج سے اٹھارہ سال قبل نوائط محفل کا باقاعدہ قیام عمل میں آیا گرچہ اس سے قبل ممبیٔ میں نوائطی تہذیب وثقافت اور اس کے ورثہ کو بچانے کے لیے مختلف میٹنگیں بھی منعقد ہوئیں لیکن کام آگے نہیں بڑھ سکا۔

   آج نوائط محفل کے زیر اہتمام نوائطی تہذیب وثقافت کے اس ورثہ کو نئی نسل میں منتقل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ذمہ داری صرف آپ کی او رہماری نہیں بلکہ ہم سب کی ہے۔ اس قبل سے نوائط محفل کے بینر تلے شعراء کی نظمیں پیش کی جاچکی ہیں، اسی طرح مضمون نویسی مقابلوں کا بھی انعقاد کرایا گیا ہے جس کے تحت ہمارے نوخیر قلمکاروں نے نوائطی زبان کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے اس کو کامیابی سے ہمکنار کرایا۔ 

   انہوں نے اب تک کئے گئے کاموں کا سرسری تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری زبان کو حکومتی پیمانہ پررجسٹر کرانے میں کامیابی مل چکی ہے اوراس سے جڑے مزیداور کام باقی ہیں جس کو آگے بڑھانا ضروری ہے۔ موصوف نے کہا کہ ہمارا سب سے اہم کام اب نوائطی کیبورڈتیار کرنا ہے۔ کیونکہ آج کل سبھوں کو ٹائپنگ کی ضرورت ہوتی ہے اور اردو زبان کا کیبورڈ استعمال کرتے ہوئے نوائطی زبان کے پورے الفاظ نہیں لکھ سکتے،اس لئے فوری طور پر اس کام پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں نوائطی ثقافت کو بچانے کے مقاصد کے تحت ہیریٹیج ولیج کامنصوبہ بھی ادھورا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ سبھوں کے تعاون سے یہ کام جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ 
اسٹیج پر صدر جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا عبدالعلیم قاسمی، نائب صدر تنظیم جناب عتیق الرحمن منیری اور دیگر موجود تھے۔ 

Share this post

Loading...