گنیش وسرجن کے دوران بارہ افرادلاپتہ ، علاقہ کے عوام سکتہ میں آگئے
ایک شخص کی لاش بازیافت ، لاپتہ لوگوں کی تلاش جاری
شیموگہ 07؍ اگست (فکروخبرنیوز) گنیش وسرجن کے دوران ضلع کے تنگا بھدرا ندی میں بارہ افراد کے لاپتہ ہونے کی سنگین واردات آج دوپہر پیش آئی ہے۔ فکروخبرکے مطابق اب تک لاپتہ افراد میں ایک شخص کی لاش بازیافت ہوچکی ہے جبکہ بقیہ کی تلاش کے لیے کوسٹ گارڈ اور انڈین نیوی کے نوجوانوں سمیت مقامی لوگوں کی کوششیں جاری ہیں۔ شہر اور علاقہ کے لوگ اس حادثہ سے سکتے میں آگئے ہیں اور موقعۂ واردات پر عوام کی بھیڑ جمع ہے ۔ ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق قریب دس ہزار افراد کی موجودگی میں بھگتو ں کا ایک گروہ تہوار کے تیسرے روز گنیش وسرجن کے لیے تھنگا بدرا ندی میں اترا ۔ بعض لوگو ں نے ندی کے تیز بہاؤ کو دیکھتے ہوئے نہ اترنے کی صلاح بھی دی لیکن ان کی صلاح کو نظر انداز کرتے ہوئے ندی میں اترگئے اور تیز بہاؤکی زد میں آنے سے قریب بارہ افراد لاپتہ ہوگئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اچانک پانی کا تیز بہاؤ لوگوں کی جانب بڑھا اور بارہ افراد اس کی زد میں آگئے۔ مذکورہ واردات کے منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے اورمذکورہ ندی میں مزید گنیش وسرجن کے لیے ممنوعہ احکامات جاری کردئیے ہیں۔ بتایا جارہاہے کہ مذکورہ ندی میں ہزاروں کی تعداد میں گنیش وسرجن کیے جاتے ہیں اور گنیش چتروتی تہوار کے مواقع پر روزانہ یہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگ گنیش وسرجن کے موقع پر شریک ہوتے ہیں۔ مقامی سپرنڈنٹ آف پولیس ،ضلع انتظامیہ ، کوسٹ گارڈ اور انڈین نیوی کے نوجوان لاپتہ افرادکی تلاش میں لگے ہوئے ہیں۔ بتایا جارہاہے کہ گنیش وسرجن کے لیے قریب پچیس لوگ ندی میں اترے لیکن اچانک تیز بہاؤ کی زد میں آنے سے بارہ لوگ لاپتہ ہوگئے جبکہ دیگر افراد ساحل پر پہنچنے میں کامیاب رہے۔ حادثہ کے منظر عام پر آنے کے دوران لوگوں کے ہجوم میں کی کچھ سجھائی نہیں دے رہاتھا۔ کون بچانے کے لیے آگے بڑھ رہا اور کون خود کو بچانے کے لیے تیراکی کررہا ہے یہ بات سمجھ سے باہر تھی۔ عوام کی جانب سے شور وغل سے بچاؤ بچاؤ کی آوازیں آنی شروع ہوگئیں جس کے کچھ ہی دیر پتہ چلا کہ ندی میں اترنے والے پچیس میں سے بارہ افراد لاپتہ ہوگئے ہیں جس سے وہاں موجود قریب دس ہزار افراد سکتہ میں آگئے۔
Share this post
