نلین کمار کٹیل نے سنبھالا ریاستی بیجے پی صدر کا عہدہ

بنگلور :28اگست2019(فکروخبر/ذرائع) منگلور کے رکن پارلیمان نلین کمار کٹیل نے گزشتہ روز ریاستی بی جے پی صدر کی حیثیت سے باضابطہ عہدہ سنبھال لیا ہے ، ملیشورم میں واقع بی جے پی کے صوبائی ہیڈکوارٹر میں وزیراعلی یڈی یورپا نے کٹیل کو پارٹی کی ریاستی صدارت سونپی ، اس تقریب کے دوران قلمدانوں کی تقسیم کو لے کر بی جے پی لیڈران کی ناراضگی کھل کر سامنے آئی ، ، جیسے ہی  نلین کمارنے اپنی تقریر شروع کی ریاستی وزیر ایشورپا اسٹیج سے اترکر چلے گئے جبکہ اپنے قلمدان سے ناخوش وزیر سیاحت سی ٹی روی نے بھی تقریب میں بڑھ چڑھ کر حصہ نہیں لیا ، ساتھ ہی دیگر سرکردہ بی جے پی رہنما نے بھی  اس سے تقریب میں غیر حاضر رہ کر انہیں دئے گئے قلمدانوں پر اپنی ناراضگی درج کرائی

نلین کمار کٹیل نے پارٹی صدارت سنبھالنے کے بعد کہا کہ آنے والے دنوں میں وہ وزیر اعلی یڈی یورپا کے ساتھ مل کر ریاست کے سیلاب زدگان کی مدد کرنے کے ساتھ ساتھ پارٹی کی بنیادی سطح پر مضبوط کرنے کی جد و جہد کریں گے ، اس موقع پر یڈی یورپا نے کہا کہ ریاست کے سیلاب زدگان کی بازآبادکاری حکومت کے سامنے ایک بہت بڑا چیلنج ہے ، انہوں نے کہاکہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے دوروں کا سلسلہ جاری رکھیں گے ،انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ مرکزی حکومت سے کرناٹک کو مناسب امداد مہیا کرائی جائے گی

نلین کمار کٹیل کا شمار بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش کے قریبی لوگوں میں کیا جا تا ہے ، اور یہ مانا جا تا ہے کہ کٹیل کو سنتوش نے ہی سرگرم سیاست میں لایا تھا

Share this post

Loading...