کرناٹک میں نہیں لاگو ہونے دیں گے یکساں سول کوڈ : وزیر اعلیٰ نے مسلم قائدین کے وفد سے کی یقین دہانی

siddaramiah, uniform civil code, karnataka,

بنگلورو13؍ جولائی 2023 (فکروخبرنیوز) مودی حکومت کے ذریعہ یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کی کوششوں کے درمیان کرناٹک میں کانگریس کے رہنما اور وزیر اعلیٰ سدارامیا نے یقین دلایا ہے کہ وہ کسی بھی حال میں یکساں سول کوڈ کے نفاذ کی اجازت نہیں دے گے-

کرناٹک کے امیرِ شریعت مولانا صغیر احمد رشادی کی قیادت میں مسلم علماء کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں تمام مذاہب اور ان کے پیروکاروں کا یکساں احترام کیا جائے گا اور کسی بھی مذہب کے جذبات کو مجروح نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے یکساں سول کوڈ سے متعلق مسلمانوں کے خدشات کو بھی دور کیا۔

سیاست میں شائع خبر کے مطابق سدارامیا نے آئین کے آرٹیکل 25 کا حوالہ دیا جو ہر شہری کو اپنی پسند کا مذہب اختیار کرنے کا حق دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مذہب کی تعلیمات کو کسی مذہب کے مانے والوں پر مسلط نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ کرناٹک حکومت آئین کو برقرار رکھنے کی پابند ہے اور وہ یکساں سول کوڈ کے نفاذ کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کرے گی۔ چیف منسٹر نے کرناٹک میں مسلم کمیونٹی کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت یکساں سول کوڈ کے بارے میں لوگوں کے موقف کو حکومت ہند تک پہنچائے گی اور ریاست میں اس کے نفاذ کی سختی سے مخالفت کرے گی۔

مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے چیف منسٹر کو ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں اپنے تحفظات کو اجاگر کیا۔ جامع مسجد بنگلور کے امام و خطیب مولانا محمد مقصود عمران رشادی نے یکساں سیول کوڈ پر اپنا موقف واضح طور پر بیان کرنے پر وزیر اعلیٰ کی ستائش کی۔

انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ یکساں سول کوڈ پر رائے داخل کرنے کے لیے لاء کمیشن کی 14 جولائی کی آخری تاریخ سے پہلے اپنی رائے کا اظہار بڑی تعداد میں کریں۔ انہوں نے یکساں سول کوڈ کے خلاف حکومتی موقف کو قابل ستائش قدم سمجھتے ہوئے سراہا۔

Share this post

Loading...