بنگلور :28اگست2019(فکروخبر/ذرائع) ریاست کی سابقہ کانگریس جے ڈی ایس حکومت کو گرانے میں اہم وجہ بننے والے نا اہل اراکین اسمبلی کی عرضیوں پر فوری سماعت کے لئے سپریم کورٹ تیار ہو گیا ہے ، سپریم کورٹ کے اس فیصلہ سے نا اہل اراکین نے ذرا سی راحت کی سانس لی ہے ، ان اراکین نے اسمبلی اسپیکر رمیش کمار کے نااہل قرار دئے گئے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے، سپریم کورٹ اس سے قبل دو مرتبہ ان کی عرضی پر فوری سماعت سے انکار کر چکا تھا جس سے وہ کافی مایوسی کا شکار ہو گئے تھے
ریاست میں ضمنی انتخابات کی آہٹ کے بعد سابق اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے ایک بار پھر سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا اورعرضی فوری سماعت کے لئے منظور کرنے میں کامیاب ہو گئے ، سپریم کورٹ نے عدالت کے رجسٹرار کو ہدایت دی ہےکہ وہ ان کی عرضی کو سماعت کے لئے عدالت کی لسٹنگ میں شامل کرے ، سپریم کورٹ کے جج رمن ، اجئے رستوگی اور موہن شانتنو گوڈ پر مشتمل بنچ نے اس سلسلے میں سابق اٹارنی جنرل مکل روہتگی کے استدلال کی سماعت کے بعد یہ فیصلہ صادر کیا ہے ، اب ان اراکین کو امید ہے کہ اگر سپریم کورٹ اسپیکر کے فیصلہ کو کالعدم قرار دے دیتا ہے تو پھر انہیں یڈی یورپا کابینہ میں شمولیت کا موقع مل سکتا ہے ،
خیال رہے کہ ان اراکین کو کابینہ میں شامل کرنے کے لئے پہلے سے ہی قلمدان محفوظ کر لئے گئے ہیں ، ساتھ ہی سپریم کورٹ میں جاری قانونی لڑائی میں بھی انہیں بی جے پی کی طرف سے مدد دی جا رہی ہے
Share this post
