عظیم داعی ومبلغ حضرت مولانا غزالی صاحب ندوی رحمۃ اللہ پر خصوصی شمارہ منظر عام پر

ناظم ندوۃ العلماء لکھنو کے ہاتھوں ندوہ ہوا اجراء ، اپنی پوری زندگی دین کی تبلیغ کے لیے وقف کردی تھی : حضرت مولاناسید محمد رابع حسنی ندوی

لکھنو 12؍ دسمبر 2018(فکروخبر نیوز)  مورخہ یکم ربیع الثانی1440ھ مطابق 9؍دسمبر2018بروز اتوار بعدنماز عشاء دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ میں ناظم ندوۃ العلماء حضرت مولانا محمدرابع حسنی ندوی صاحب مہتمم دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ حضرت مولانا سعیدالرحمن الاعظمی ندوی، معتمد تعلیم دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ حضرت مولانا واضح رشید حسنی ندوی صاحب کے مبارک ہاتھوں سے حضرت مولاناغزالی صاحب کی حیات وخدمات پر معہدالامام حسن البنا شہید کی طرف سے جاری دوماہی نقوش طیبات کے خصوصی شمارہ کی رونمائی تقریب منعقد ہوئی، مولاناغزالی صاحب دارالعلوم ندوۃ العلماء کے ممتاز سپوت اوراس کی شوریٰ کے رکن تھے، اس کے علاوہ آپ حضرت مولاناعلی میاں صاحب اورندوۃ العلماء سے خصوصی تعلق رکھنے والے تھے، آپ شہربھٹکل کے ایک علمی اور دینی خانوادہ سے تعلق رکھتے تھے، آپ بذات خود ندوۃ العلماء کے تعلیم یافتہ تھے، اوران کے تمام صاحبزادگان نے دارالعلوم ندوۃ العلماء سے کسب فیض کی سعادت حاصل کی۔
کتاب کی رونمائی کے بعد حضرت مولانا نے مولانامرحوم کی بلندوبالاصفات اوران کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا کہ مولاناغزالی صاحب دین کے داعی ، بڑے صالح اورتقویٰ کے اعلیٰ مقام پر فائز ہونے کے ساتھ صلاح ورشید سے متصف تھے، اپنی پوری زندگی انھوں نے تبلیغ اوردین کی دعوت کے لئے وقف کی، مولانا نے اپنے تمام صاحبزادگان کی بہترین تربیت اس طورپر کی کہ ان کو دینی علوم میں لگایا اوروہ سب دین کی خدمت میں لگے ہوئے ہیں، مولانا کی ذات سے بے شمار لوگوں نے استفادہ کیا، اس کے علاوہ آپ بڑے اچھے خطیب تھے، عربی میں آپ کی صلاحیت مسلم تھی اورآپ کا فیض عالمی پیمانہ پرجاری تھا، مولانا کی وفات کے بعد مناسب سمجھا گیا کہ آپ کی زندگی، ان کے حالات اورلائق تقلید پہلوؤں سے استفادہ کیاجائے تاکہ لوگ اس سے فائدہ اٹھائیں اوراپنی زندگیوں میں ان کی نقل کرنے کی کوشش کریں، واضح رہے کہ نقوش طیبات کے اس خصوصی شمارہ میں ہندوستان کے دانشور طبقہ کے مضامین، مولانا مرحوم کے عکسی خطوط کے ساتھ مولانا پر لکھے جانے والے مرثیہ وغیرہ شامل ہیں۔
728 صفحات پر مشتمل یہ خصوصی شمارہ اپنی دیدہ زیب طباعت اور معنوی فوائد کی وجہ سے پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھاجارہاہے، ملحوظ رہے کہ آج کی رونمائی تقریب میں مولانانذرالحفیظ صاحب ندوی، مولاناخالدغازی پوری ندوی، مولانا فیصل صاحب ندوی، مولانا ابوبکرصدیق صاحب ندوی کے علاوہ اساتذہ اورطلباء کی ایک کثیرتعداد موجود تھی۔ آخر میں ناظم ندوۃ العلماء حضرت مولانا رابع صاحب کی دعاء کے ساتھ اس خوبصورت مجلس کا اختتام عمل میں آیا۔

رپورٹ:محمد عاکف روڈا محتشم
(ندوة العلماء لكہنو)

Share this post

Loading...